Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ویلنٹائن ڈے سے بڑھ کر ہے‘، گیلنٹائن ڈے کیا اور کب منایا جاتا ہے؟

گیلنٹائن ڈے 13 فروری کو منایا جاتا ہے (فوٹو: اے پی)
فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی کرسٹی او سلیوان نے 21 ویلنٹائن ڈے اپنے شوہر کے ساتھ گزارے ہیں تاہم ان کے لیے اصل یادگار دن وہ ہے جو انہوں نے شادی سے قبل گیلنٹائن ڈے کے طور پر ایک خاتون دوست کے ساتھ منایا تھا۔
انہوں نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس روز کام سے چھٹی لی، مساج کروایا اور شاندار ڈنر کے لیے باہر نکل گئیں۔
 ’میرے لیے وہ ایک 10 میں سے 10 نمبرز والا دن تھا جو ہم نے اپنی مرضی سے ایک ساتھ گزارا۔‘
انہوں نے اس روز کو اپنے لیے حوصلے کا باعث قرار دیا اور کہا کہ یہ عام طور پر ایک ایسا دن ہوتا تھا جس میں ’رشتے میں بندھنے‘ کے لیے دباؤ کا سامنا رہتا اور زیادہ تر اداسی میں گزرتا کیونکہ اس وقت کسی ریلیشن شپ میں نہیں تھیں۔
گیلنٹائن ڈے کا تصور 2010 میں پاپ کلچر کا حصہ اس وقت بنا جب اس کو ٹی وی کی ایک مزاحیہ سیریز ’پارکس اینڈ ریکریشن‘ میں دکھایا گیا، جس میں خواتین ویلنٹائن کے قریب دوستی کا ایک جشن مناتی ہیں۔
اس میں ایمی پوہر اور لیسلی نوپ کے کردار 13 فروری کو فی میل ویلنٹائن کے طور پر مناتی ہیں اور دوستوں کو اکٹھا کرتی ہیں۔
اس میں نوپ دن کے حوالے سے کہتی ہیں کہ ’گیلنٹائن ڈے کیا ہے؟ یہ سال کا سب سے بہترین دن ہے۔‘
اگرچہ خواتین کے درمیان کہیں بھی اور کبھی بھی دوستی ہو سکتی ہے اور اس کے لیے 13 فروری ضروری نہیں تاہم کچھ ایسی سرگرمیاں موجود ہیں جن کی بدولت اس کو خواتین دوستوں کے ساتھ ہی یادگار جشن کے طور پر منایا جا سکتا ہے۔

گیلنٹائن ڈے کے موقع پر صرف خواتین دوست اکٹھی ہوتی ہیں (فوٹو: دی ٹیبل)

نیو جرسی کے علاقے فرنیکلن لیکس چیلا پیپاسیولی پچھلے تین برس سے اپنے گھر گیلنٹائن ڈے کے موقع پر تقریب کا اہتمام کرتی ہیں اور اس بار بھی تیاری کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی کے لیے عملے اور ڈی جے کی خدمات حاصل کی ہیں اور 45 دعوت نامے جاری کیے ہیں جن میں سے 34 کی جانب سے آمد کی تصدیق ہو چکی ہے اور وہ مہمانوں کے لیے تحفوں کی پیکنگ کر رہی ہیں۔
ان کے مطابق ’وہاں کسی مرد کو آنے اجازت نہیں ہو گی۔‘
کچھ لوگ ایسی سرگرمیوں کو اسراف قرار دے سکتے ہیں مگر پیپاسیولی کا ماننا ہے کہ اس موقع پر خرچ کرنا بنتا ہے۔
’اپنی دوست لڑکیوں کے ساتھ وقت گزارنا، بے وقوف بننا، کمپنی سے لطف اندوز ہونا شاندار چیزیں ہیں۔‘
مشی گن کے شہر برکلے سے تعلق رکھنے والی لِز مومبلینکو جو خود کو ’سیریل ہابیلیسٹ‘ قرار دیتی ہیں، نے بھی اپنی دوستوں کو دعوت دے رکھی ہے اور تقریب کے لیے انتظامات کر رہی ہیں جن میں کھانے پینے کے علاوہ یوگا جیسی مشقیں بھی شامل ہوں گی۔

گیلنٹائن ڈے پر پارٹیز کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں (فوٹو: کرافٹ باکس گرلز)

ان کے مطابق ’مجھے کچھ نیا سیکھنے اور مل کر کی جانے والی سرگرمیوں میں مزہ آتا ہے۔‘
ایک کمپنی چلانے والی مارنی وولف کا کہنا ہے کہ آرٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کو موقع دیے جانے سے کمیونٹی میں نئی جان آتی ہے۔
’ایسی چیزیں آپ کو جوڑتی ہیں، اس میں آپ بڑی خواتین کو سکول کی بچیاں بنتے ہوئے دیکھتی ہیں۔‘
پیپاسیولی کہتی ہیں کہ دو طلاق یافتہ خواتین بھی ان کی پارٹی میں آتی ہیں اگر آپ شادی شدہ بھی ہیں تو بھی آپ کو ایسی پارٹی کی ضرورت ہو سکتی ہے جہاں صرف خواتین ہوں۔‘
کچھ لوگ گیلنٹائن ڈے کو صرف باہر جا کر چائے یا کھانا کھا کر مناتے ہیں جبکہ کچھ خواتین مختلف گیمز کھیلتے ہوئے۔
اس روز خواتین کے گروپس کے ساتھ پکنک یا سیر کے لیے بھی نکلا جا سکتا ہے۔
کرسٹی او سلیوان کہتی ہیں کہ ’کچھ خواتین کے لیے گیلنٹائن ڈے ویلنٹائن ڈے سے بھی بڑھ کر ہوتا ہے۔‘

شیئر: