خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک، تین اہلکار بھی جان سے گئے
ضلعی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ فوٹو: شانگلہ پولیس
خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک مارے گئے ہیں جبکہ تین اہلکاروں کی جانیں بھی چلی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے۔
شانگلہ پولیس نے کہا ہے کہ ایک آپریشن کے دوران اُس کے تین اہلکاروں نے جان دے دی ہے جبکہ تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پیر کی رات جاری کیے گئے بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کابلگرام کے علاقے میں کیا گیا۔
’کابلگرام آپریشن میں تین پولیس اہلکاران شہید ہوئے ہیں جن میں مقبول احمد ساکن بنڑ خوڑگے، فدا حسین ساکن مٹہ اعوان اور سعید الرحمن ساکن کوزہ ڈھیری شامل ہیں۔ ان تینوں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں رات نو بجے کی گئی۔‘
قبل ازیں ضلع کے پولیس ذرائع نے میڈیا کو شانگلہ کی تحصیل مارتونگ کے علاقے کابلگرام میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع دی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ’مارے جانے والے دہشت گردوں میں سے ایک علاقے میں تشکیل کا سربراہ تھا جس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔‘
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں جان سے جانے والے پولیس اہلکاروں میں دو کا تعلق ایلیٹ فورس جبکہ ایک کا تعلق ضلعی پولیس سے تھا۔
ضلعی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے اور پولیس کی مزید نفری موقع روانہ کی گئی ہے جبکہ اعلیٰ افسران خود آپریشن کی کمانڈ کر رہے ہیں۔
