وزیرِ حج کا دورہ حرمین شریفین، رمضان آپریشنل پلان کا جائزہ
وزیرِ حج کا دورہ حرمین شریفین، رمضان آپریشنل پلان کا جائزہ
پیر 16 فروری 2026 19:57
عمرہ زائرین کے لیے 10 ہزار سے زائد ویل چیئرز فراہم کی گئی ہیں۔ (فوٹو، ایس پی اے)
وزیر حج وعمرہ اور ادارہ امور حرمین اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں رمضان المبارک کے حوالے سے خدمات منصوبے کا جائزہ لیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزیرحج وعمرہ کے ہمراہ اتھارٹی کے سی ای او انجینئرغازی بن ظافرالشھرانی اوردیگراعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے رمضان المبارک کے دوران آپریشنل پلان کا جائزہ لیا اورمسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ الشریف کے مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا۔
وزیر حج وعمرہ کو حرمین میں ازدحام کے اوقات زائرین کو سہولت فراہم کرنے اور کراوڈ کنٹرولنگ منصوبے کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
آپریشنل کمیٹی کی جانب سے حرمین شریفین میں فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے وزیر حج کو بتایا کہ رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے 10 ہزار سے زائد ویل چیئرز اورمعمر و بیمارافراد کے لیے 400 الیکٹریکل چیئرزکی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کی پابندیوں سے نکلنے کے لیے (التحلل) بال کاٹنے کے لیے 12 متحرک یونٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
زائرین کی دیکھ بھال اور رہنمائی کے لیے 31 سینٹرز قائم کیے گئے ہیں (فوٹو،ایس پی اے)
حرمین شریفین میں زائرین کی دیکھ بھال کے لیے 31 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں 13 خدمات فراہم کی جارہی ہیں جن میں نمایاں ترین گمشدہ افراد کی رہنمائی، معمر، مخصوص افراد اوربچوں کی معاونت ودیکھ بھال کے لیے تعریفی کڑے فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
حرمین شریفین میں زائرین کی رہنمائی اور معلومات کے لیے 20 زبانوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
بچوں کی دیکھ بھال کے لیے 3 سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
زائرین کے سامان کی حفاظت کے لیے 4 مقامات پرمراکز ہیں جہاں 24 گھنٹے کی بنیاد پر سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔
وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حرمین شریفین میں ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے آپریشنل پلان اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔