ٹی20 ورلڈ کپ: بارش نے آسٹریلیا کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا، ایونٹ سے باہر
منگل 17 فروری 2026 16:09
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پالی کیلے میں بارش کی وجہ سے آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان میچ شروع نہیں ہو سکا (فوٹو: گیٹی امیجز)
ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ بی کے اہم میچ میں بارش کے باعث کھیل شروع نہ ہو سکا جس کے نتیجے میں آئرلینڈ اور آسٹریلیا دونوں ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کرک انفو کے مطابق آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان یہ مقابلہ کینڈی کے پالے کیلے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
اس سے قبل زمبابوے نے آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دے کر سیمی فائنل مرحلے یعنی سپر ایٹ تک رسائی کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی تھی۔
زمبابوے کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے اس میچ میں صرف ایک پوائنٹ درکار تھا جبکہ آئرلینڈ کے لیے فتح لازمی تھی تاکہ وہ اپنا سفر جاری رکھ سکے۔
آسٹریلوی ٹیم کی نظریں بھی آئرلینڈ کی جیت پر تھیں تاکہ وہ ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھ سکے، لیکن کینڈی میں نہ رُکنے والی بارش نے تمام حساب کتاب بدل دیا۔ میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
یوں گروپ بی میں زمبابوے پانچ پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ آئرلینڈ چار میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ سے باہر ہو گیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے دو پوائنٹس کے ساتھ عمان کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلنا ہے، تاہم اب یہ مقابلہ رسمی کارروائی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔
گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن کے لیے زمبابوے کا مقابلہ سری لنکا سے جمعرات کو کولمبو میں ہوگا، تاہم زمبابوے پہلے ہی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی بنا چکا ہے۔
