ٹی20 ورلڈ کپ: کیا پاکستان اور انڈیا ایک بار پھر مدمقابل آ سکتے ہیں؟
ٹی20 ورلڈ کپ: کیا پاکستان اور انڈیا ایک بار پھر مدمقابل آ سکتے ہیں؟
منگل 17 فروری 2026 12:33
پاکستان اپنا اگلا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیل رہا ہے ۔ تصویر: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں انڈیا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد کرکٹ شائقین یہ قیاس کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ آیا دونوں ٹیمیں دوبارہ ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے آئیں گی؟
انڈیا سوریا کمار یادو کی کپتانی میں سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ پاکستان کو ابھی اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے کافی جدوجہد کرنا ہو گی۔
انڈیا نے گروپ اے میں امریکہ اور نمیبیا کے خلاف جیت کے بعد پاکستان کو بھی اتوار کے روز 61 رنز سے شکست دی تھی۔
تین میچوں میں سے دو جیتنے کے بعد پاکستان اپنے گروپ میں تیسرے نمبر پر ہے اور پوائنٹس کے اعتبار سے امریکہ کے برابر ہے جو دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان اپنا اگلا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیل رہا ہے اور سپر ایٹ مرحلے میں پہچنے کے لیے یہ میچ پاکستان کے لیے جیتنا ضروری ہے۔
اس میچ کے بعد پاکستان کا انڈیا کے ساتھ پھر سے سامنا ہونے کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
فارمیٹ کے مطابق چاروں گروپوں میں سے دو، دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جاتی ہیں۔
آٹھ ٹیموں کے گروپ کو پھر دو گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جہاں ہر ٹیم اپنے گروپ میں راؤنڈ رابن کی بنیاد پر میچ کھیلتی ہے۔ اس کے بعد دونوں گروپوں کی ٹاپ ٹو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں۔
فارمیٹ کے تحت انڈیا اور پاکستان کو سپر ایٹ میں الگ الگ گروپس میں رکھا گیا ہے۔
انڈین کپتان سوریہ کمار یادیو نے ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔ تصویر: اے ایف پی
اگر دونوں ٹیمیں اپنے اپنے گروپس میں ٹاپ پر آتی ہیں تو آٹھ فروری کو پھر سے مدمقابل آ سکتی ہیں۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ایک تاریخی اور سنسی خیز میچ ثابت ہو سکتا ہے اور یقینی طور پر شائقین ایسا ہی دیکھنا چاہیں گے۔
خیال رہے بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے بعد پاکستان نے انڈیا کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی مداخلت کے بعد پاکستان نے میچ کھیلنے کے لیے ہامی بھری۔
پچھلے برس مئی میں پاکستان اور انڈیا کی محدود جنگ کے بعد دونوں ممالک کی کشیدگی کھیل کے میدان میں بھی دیکھنے میں آئی۔
انڈین کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا جاتا رہا ہے تاہم اس میچ میں بھی ٹاس کے دوران دونوں سکپرز نے ہاتھ نہیں ملائے۔
اس سے قبل ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں انڈیا اور پاکستان 16 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک میچ ٹائی اپ ہوا جبکہ صرف تین میچز میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔