تفتان گیس باؤزر دھماکہ، آگ بجھانے کی کوششیں جاری، ضلع بھر سے ریسکیو ٹیمیں طلب
جمعرات 19 فروری 2026 7:09
ایران کی سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع چاغی میں گیس باؤزر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کی کوشش کے دوران دھماکہ ہو گیا اور آگ پھیل گئی، جس پر ضلع بھر سے ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات اچانک گیس باؤزر آگ لگنے کے بعد دھماکے سے پھٹا جس سے آگ لگ اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے باعث آگ کے بڑے شعلے اتنے بلند ہوئے کہ کئی کلومیٹر دور سے بھی نظر آئے۔
ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوںی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر تفتان فوری طور پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کی گئیں تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران اچانک دھماکے آگ بہت زیادہ پھیل گئی اور اسسٹنٹ کمشنر تفتان بھی لپیٹ میں آ گئے اور معمولی زخمی ہوئے۔‘
واقعے کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں جن میں باؤزر پھٹنے کے بعد آگ کے بلند شعلے دور تک دکھائی دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آگ ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ میں لگی ہے یا پھر وہاں کھڑے گیس باؤزر میں لگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پلانٹ میں ایران سے لائے گئے ایل پی جی ٹینکرز کو خالی کیا جاتا ہے۔ یہ آبادی کے قریب ہے جس کی وجہ سے نقصانات کا خدشہ ہے۔‘
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے کے بعد آگ کافی حد تک پھیل گئی ہے جس پر قابو پانے کے لیے مقامی انتظامیہ، پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی)، این ایل زی اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر آپریشن میں مصروف ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دالبندین سمیت ضلع بھر سے ایمبولینسز روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ اب تک کم از کم چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جن کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور صورت حال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔