سفر عمرہ کی تیاری اور مراحل: اردو سمیت 16 زبانوں میں ’عمرہ و زیارت گائیڈ‘
اتوار 22 فروری 2026 22:52
عمرہ اور زیارت کے مختلف مراحل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے زائرین کی سہولت کے لیے اردو سمیت 16 زبانوں میں ’عمرہ وزیارت گائیڈ‘ جاری کی ہے جس کا مقصد زائرین کو ان کی زبان میں اہم معلومات فراہم کرنا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے جاری گائیڈ میں عمرہ اور زیارت کے مختلف مراحل کے بارے میں مکمل تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
ان میں سفرِعمرہ کی تیاری سے لے کر ویزے اور نسک پر عمرہ پرمٹ کا حصول، حرمین شریفین میں ٹرانسپورٹیشن کے علاوہ واپسی کے مراحل کی آسان زبان میں رہنمائی کی گئی ہے۔
اس گائیڈ کو آسان بنانے کے لیے تصاویر کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات کے نقشے اور معلوماتی وڈیوز بھی ہیں تاکہ زائرین کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈیجیٹل گائیڈ بک عمرہ کے حوالے سے احرام کے امور، طواف، سعی اورحرمین شریفین کے آداب کے علاوہ حرمین شریفین میں فراہم کی جانے والی بنیادی خدمات کو بیان کیا گیا ہے۔
وزارت کا کہنا تھا ’عمرہ وزیارت گائیڈ‘ کا مقصد عمرہ زائرین کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ زائرین اپنے سفرِ عمرہ کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات سے درست طور پر مستفیض ہوسکیں۔‘
