چمن: سلنڈر دھماکے میں سات بچے ہلاک، ’گاؤں کے بچے لسی لینے کے لیے جمع تھے‘
جمعرات 26 فروری 2026 18:41
زین الدین احمد، -اردو نیوز، کوئٹہ
بلوچستان کے ضلع چمن میں ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے سات بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ جمعرات کی شام کو چمن کے علاقے طورپل میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی گھر کے بڑے ہال نما کچن میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔
پولیس کے مطابق سلنڈر کا دھماکا اتنا زور دار تھا کہ گھر کو شدید نقصان پہنچا اور کچن اور ایک کمرہ منہدم ہوگیا۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن امیتاز بلوچ کے مطابق دھماکے کی زد میں آکر اور ملبے تلے دبنے سے سات بچے ہلاک جبکہ خواتین سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر سول ہسپتال چمن منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کویٹہ روانہ کردیا گیا ہے۔
سول ہسپتال چمن کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اویس نے تصدیق کی کہ حادثے میں سات بچے ہلاک اور خواتین و بچوں سمیت بائیس افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔
چمن پولیس کے ایک اہلکار مطابق افطار سے قبل قریبی گھروں کے بیس سے زائد بچے لسی لینے کے لیے گاؤں کے اس گھر میں جمع ہوئے تھے جہاں روزانہ ہمسایوں کو لسی دی جاتی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد فضا میں دھواں اور گرد چھا گئی تھی۔ ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی، لوگ اپنے بچوں کو ڈھونڈتے پھر رہے تھے ۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہےجبکہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ادھر بلوچستان کے ضلع سوراب میں بم دھماکے میں پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا گیا-
دھماکے میں ہلاک اہلکار کی شناخت خلیل احمد ریکی کے نام سے ہوئی ہے جو سوراب ہی کا رہائشی تھا۔