بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، مزید 10 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر
جمعرات 26 فروری 2026 18:24
آئی ایس پی آر کے مطابق ’منگل کو کیے گئے آپریشن میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشنز میں مزید 10 دہشت گردوں کو مار دیا گیا۔‘
’اس سے قبل منگل کو بلوچستان کے ضلع ژوب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونے والے آپریشن میں انڈین سپانسرڈ 8 خوارج ہلاک کردیے گئے تھے۔‘
جمعرات کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’بدھ کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک کارروائی کے دوران انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔‘
’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے اُن کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں انڈین سپانسرڈ 10 خوارج مارے گئے۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں استعمال ہو چکا ہے۔‘
افواج پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ’عزم استحکم‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم کو پوری قُوت سے جاری رکھیں گے۔‘
