خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بین الاقوامی امن واستحکام کی سپورٹ کے لیے سعودی عرب کی جاری کوششوں پر زور دیا ہے۔
انہوں نے عید الفطر کے موقع پر سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے شاہی پیغام پڑھ کر سنایا۔
پیغام میں کہا گیا ’ہم رب تعالی سے دعاگو ہیں کہ ہمارے تمام نیک اعمال کو قبول کرے، ہمارے ملک و ملت اسلامیہ کو امن، سلامتی اور استحکام کی دولت سے مالامال رکھے۔‘
كلمة #خادم_الحرمين_الشريفين التي وجهها للمواطنين والمقيمين في المملكة والمسلمين في سائر البلدان بمناسبة #عيد_الفطر لعام 1447هـ، وتشرّف بإلقائها وزير الإعلام.#واس pic.twitter.com/WL8FBNpwwM
— واس الأخبار الملكية (@spagov) March 19, 2026
انہوں نے حرمین شریفین کی دیکھ بھال اور زائرین حرمین کی خدمت کے لیے مملکت کے مسلسل عزم کا اظہار کیا اور کہا’ اللہ کے مہمانوں کی خدمت، انہیں آرام پہنچانے، سلامتی اور تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہم نے تمام وسائل مہیا کیے، اس حوالے سے کوششیں جاری رہیں گی۔‘
ماہ رمضان کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا اور مکمل اطمینان و سکون سے حرمین شریفین میں اپنا وقت عبادت میں گزارا۔
انہوں نے پیغام میں بحرانوں پر قابو پانے، مملکت، خطے اور بین الاقوامی امن و استحکام کے حوالے سے مملکت کے واضح موقف کی تائید کی۔‘
شاہ سلمان نے سرحدوں پر تعینات نگہبانوں اور ہیروز کی حفاظت، مملکت، ملت اسلامیہ اور دنیا بھر میں امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا سے پیغام کا اختتام کیا۔









