Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرے ڈیزائن کیے ہوئے کپڑے ہر وقت اور ہر جگہ کے لیے‘: سعودی ڈیزائنر محمد سلطان

کالے رنگ سے آگے بڑھنے کا مشورہ انہیں ان کے مداحوں نے دیا جنھوں نے ’تاریک رنگوں سے باہر نکلنے کی حوصلہ افزائی کی۔‘ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ڈیزائنر محمد سلطان نے اپنے نئے کلیکشن ’آفٹر ڈارک‘ کو رن وے کی صورت میں پیش نہیں کیا بلکہ لندن میں نمائش کے دو ہفتے بعد انہوں نے 22 نومبر کو ریاض میں اسے ایک تھیٹریکل جیز شو کی شکل میں متعارف کرایا جس میں ماڈلز نے کالے، سفید اور اپنے برینڈ میں پہلی بار شامل کیے گئے برگنڈی رنگ کے ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ان کے برینڈ کا نام ’سولیٹیوڈ‘ ان کے خاندانی نام اور ’تنہائی‘ کے لفظ کو ملا کر بنایا گیا ہے۔ جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائننگ کے دوران ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ضروری ہے۔ چار سال سے ان کا ہر کلیکشن تقریباً مکمل طور پر کالے ملبوسات پر مبنی رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کالا رنگ استعمال کرنا آسان ہے، لیکن ایسا نہیں ہے، کیونکہ کالا ایک بہت دلیرانہ رنگ ہے۔‘ بغیر کسی پرنٹ، پیٹرن یا لوگو کے، ان کے ملبوسات کی خوبصورتی ان کے کٹ اور تہوں (لیئرنگ) پر منحصر ہوتی ہے، جہاں بہترین کٹنگ وہ کام کرتی ہے جو عام طور پر رنگ کرتے ہیں۔
ان کے مطابق کپڑے کا انتخاب، تناسب، اور اوپر اور نیچے کے ملبوسات کا درست جوڑ ہی ایک لباس کو ممتاز بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یا تو آپ کالے رنگ کے ساتھ ناکام ہوتے ہیں یا پھر اس کے ساتھ نمایاں ہوتے ہیں‘، اور کالا رنگ ان کی اپنی شخصیت کا عکس ہے۔
کالے رنگ سے آگے بڑھنے کا مشورہ انہیں ان کے مداحوں نے دیا جنھوں نے ’تاریک رنگوں سے باہر نکلنے کی حوصلہ افزائی کی۔‘ پیرس کے انسٹی ٹیوٹ فرانسس ڈی لا موڈ سے ماسٹرز کی تعلیم حاصل کرنے والے سلطان نے بتایا کہ ’ان کی تحقيق سے معلوم ہوا کہ برگنڈی رنگ مقبول ہو رہا ہے، اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس سال برگنڈی رنگ کا استعمال کریں گے۔‘
سلطان نے سفر کے دوران مختلف شہروں کے جیز لاؤنجز میں وقت گزارا جہاں انہوں نے محسوس کیا کہ مختلف ماحول کے باوجود جیز موسیقی ان سب کو جوڑتی ہے۔ اسی طرح لوگوں کے لباس میں بھی ہر کسی کا اپنا انداز تھا، لیکن وہ سب ایک ہی ماحول کا حصہ لگتے تھے۔ وہ وہاں سے تقریباً 100 سکیچز بنا کر واپس لوٹے۔

سلطان کے مطابق اوپر اور نیچے کے ملبوسات کا درست جوڑ ہی ایک لباس کو ممتاز بناتا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

ماڈلز کا انتخاب بھی اسی فکر کے تحت کیا گیا۔ کیٹلاگ ماڈلز کی پی آر اور سیلز مینیجر سارہ العامری کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ ماڈلز کی ٹیم متنوع ہو اور ہر ماڈل تقریب کی فضا میں ڈھل کر اپنا انداز پیش کرے۔
ان تمام مقامات میں جاپان سلطان کے لیے سب سے نمایاں رہا جہاں لوگوں کی اپنی ثقافت سے وابستگی نے انہیں متاثر کیا جو انہیں سعودی عرب کے لوگوں میں بھی نظر آتی ہے۔ اس جاپانی اثر کو شو میں سٹیج کی تقسیم، مہمانوں کو دیے گئے سرخ پنکھوں اور کپڑوں کی ساخت میں صاف دیکھا جا سکتا ہے۔
اصل مشکل یہ ہے کہ اس سوچ کو اپنے ملک لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ چیزیں ہماری ثقافت کے مطابق پہننے کے قابل کیسے بن سکتی ہیں؟ یہ سب سے اہم باتوں میں سے ایک ہے۔‘ سوچ چاہے کہیں سے بھی آئی ہو، وہ چاہتے ہیں کہ سعودی عرب کے لوگ محسوس کریں کہ وہ ان کے ڈیزائن کیے ہوئے کپڑے ہر جگہ، ہر وقت اور کبھی بھی پہن سکتے ہیں۔
ان کے کلیکشن کا سب سے بہترین لباس ’نوکٹرن‘ ایک لمبا کالا کوٹ ہے جس کے کالر پر کرسٹل لگے ہیں اور اندر برگنڈی چمڑے کا استر ہے جو چلنے پر نظر آتا ہے۔ سلطان نے رات کی خوبصورتی اور پراسراریت سے متاثر ہو کر یہ نام رکھا لیکن وہ اسے آخری وقت پر حذف کرنے والے تھے۔

کلیکشن کا سب سے بہترین لباس ’نوکٹرن‘ ایک لمبا کالا کوٹ ہے (فوٹو: عرب نیوز)

ان کے قریبی دوستوں نے اس لباس کو کلیکشن کا سب سے منفرد شاہکار قرار دے کر شامل رکھنے پر زور دیا۔ جب اسے لندن فیشن ڈے میں پیش کیا گیا تو یورپی میڈیا نے اسے بہت پسند کیا اور سلطان کو بھی یہ ڈیزائن مزید پسند آنے لگا۔
سلطان کے بنائے گئے ملبوسات میں ایک ایسی کیفیت بھی ہے جسے وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ کوئی ڈیزائن بناتے ہیں تو انہیں لگتا ہے کہ اس میں ان کی ثقافت کی کوئی جھلک موجود ہے، اگرچہ وہ اس کی بالکل درست تعریف نہیں کر سکتے۔

 

شیئر: