Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا نوٹس

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پڑتا ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے یہ سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کے مطابق ’اس موقع پر میں وفاقی کابینہ کے تمام وزرا کو یہ ہدایات کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے۔‘
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہییں۔
’وفاقی وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، ہم سب کا فرض ہے کہ ہم سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔‘
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ’الحمدللہ، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے۔‘
ان کے بقول وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
خیال رہے اگرچہ وزیراعظم کی جانب سے کسی وزیر کی طرف اشارہ نہیں کیا گیا تاہم حال ہی میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 
 

شیئر: