Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم میں ’کارنیول جیل الطیبین‘ کا آغاز، مقامی ورثے کا جشن

فیسیٹول میں مقامی روایات، ثقافت اور دستکاریوں کو اجاگر کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن کی کمشنری عیون الجواء کے ہیریٹج ویلیج میں ’کارنیول جیل الطیبین‘ کا آغاز ہوگیا جس میں مقامی روایات، ثقافت اور دستکاریوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریجنل میونسپلٹی اور لوکل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیے جانے والے اس فیسٹیول کا مقصد عوامی روایات کا تحفظ، معاشرتی شرکت کو فروغ دینا اور گھریلو انڈسٹری سے وابستہ خاندانوں کی معاونت کرنا ہے۔
عیون الجواء میونسپلٹی کے سربراہ انجینیئر فلاح بن جبر الجبرین نے کہا کہ ثقافتی ایونٹس قومی شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ نئی نسلوں کو اپنے ماضی اور علاقائی رسم و رواج کو جاننے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔
فیسٹیول میں سعودی روایتی رقص العرضہ اور قدیم دور کی شادیوں کی منظر کشی کی گئی ہے جبکہ تفریحی سرگرمیوں میں بچوں کے لیے تھیٹر کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ 
عیون الجواء میں ہیریٹج فیسٹیول ادبی ورثے، تاریخی مقامات، روایتی فن تعمیر اور زرعی کشش کا ایک حسین امتزاج ہے جو سیاحوں کو مقامی ثقافت سے جڑے متنوع تجربہ فراہم کرتا ہے۔

یہ علاقہ قبل از اسلام کے مشہور شاعر عنترہ بن شداد سے منسوب ہے۔ اپنے روایتی نجدی طرز تعمیر کو محفوظ رکھے ہوئے ہے۔
اس میں مٹی اور پتھر سے تعمیر کی جانے والی عیون الجوا مسجد اور المشاق شامل ہے۔ المشاق، چٹانوں کو کاٹ کر بنائے گئے قدیم کنوؤں اور آبی گزر گاہوں کا ایک نظام ہے۔

یہاں کے تاریخی بازاروں میں سوق المجلس اور پیر کو لگنے والا روایتی بازار شامل ہے جو خطے کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ یہ علاقہ کھجور کی پیداوار کے ساتھ پھلوں اور سبزیوں کے لیے بھی مشہور ہے۔

 

شیئر: