فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے ہال آف فیم میں شامل، وزیراعظم کی مبارکباد
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے دورے کے موقع پر وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس سٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارک باد دی ہے۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس سٹڈیز کے ہال آف فیم میں رکن کی حیثیت سے شمولیت پر دلی مبارک باد۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پرجوش قیادت، ملک کے دفاع کے لیے عزم، امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مقام کو بہتر بنانے کی کوششیں ان کو اس اعزاز کے لیے موزوں ترین حقدار بناتی ہیں۔‘
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ اعزاز ہماری مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کے لیے بھی ہے، جن کی ہمت، لگن اور قربانیاں ہمارے پیارے وطن کی حفاظت کرتی ہیں۔ یہ اعزاز پاکستان کے عوام کا بھی ہے جن کی ثابت قدمی اور بھرپور حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔‘
وزیراعظم نے دعا بھی کی کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے اور ملک کی خدمت اور ترقی و خوشحالی کے لیے مجموعی کوششوں میں ہماری رہنمائی کرے۔