الباحہ میں بارش اور ژالہ باری، کئی علاقوں میں بارش کا الرٹ
بارش اور ژالہ باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔(فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ شہراور اس کے اطراف میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پہاڑی چوٹیوں اور کھلے میدانوں میں ژالہ باری سے حد نگاہ تک سفیدی بکھر گئی۔
سبق نیوز کے مطابق الباحہ شہر اورقرب و جوار کے علاقوں میں پیر کو ہونے والی بارش اور ژالہ باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
عید الفطر کی تعطیلات اور ژالہ باری کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پہاڑی تفریحی مقامات کا رخ کرنے لگے جہاں فطرت کے حسین نظارے چہار سو پھیلے ہوئے ہیں۔
اندرون شہر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے شہری دفاع اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں مستعدی سے کام کرتی رہیں جبکہ بلدیہ کی جانب سے بھی نشیبی علاقوں میں اضافی ٹیمیں بھیجی گئیں۔
قومی مرکز برائے موسمیات نے امکان ظاہر کیا کہ’ الباحہ ریجن کے مختلف علاقے جن میں العقیق، القری، المندق ، بلجرشی، بنی حسن، المخواہ، قلوہ، الحجرہ اور اطراف کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘ شہری دفاع کا کہنا تھا’ شاہراہوں پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پانی کی گزرگاہوں سے دور رہیں۔‘
علا وہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز نے مملکت کے کئی علاقوں میں پیر کو بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ریاض، حائل، مکہ مکرمہ، قصیم، عسیر، الشرقیہ اورحدود الشمالیہ ریجن گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے متاثر ہوں گے، سیلابی صورتحال اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
