Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا اور امریکہ میں کھیلے گا، فِیفا صدر

’ایران ورلڈ کپ میں شامل ہو گا، اور ہم اس پر خوش ہیں کیونکہ یہ ایک بہت مضبوط ٹیم ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ ایران آنے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا اور اپنے گروپ میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ میں ہی کھیلے گا، چاہے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کی صورت حال برقرار کیوں نہ ہو۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے جیانی انفانٹینو نے ترکیہ میں ایران اور کوسٹا ریکا کے درمیان کھیلے گئے دوستانہ میچ کے دوران کہا کہ ’ایران ورلڈ کپ میں شامل ہو گا، اور ہم اس پر خوش ہیں کیونکہ یہ ایک بہت مضبوط ٹیم ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچ سے ملاقات کر چکے ہیں اور تمام معاملات ٹھیک ہیں۔
جیانی انفانٹینو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کے میچز اپنی طے شدہ جگہوں پر ہی ہوں گے۔
واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں 11 جون سے شروع ہو گا۔ ایران اپنا پہلا گروپ جی میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 21 جون کو بیلجیم اور 27 جون کو سیئٹل میں مصر کے خلاف میدان میں اترے گا۔
ایران کی شرکت پر اس وقت سوالات اٹھے تھے جب 28 فروری کو ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہوئی۔ اس سے قبل ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا سے درخواست کی تھی کہ ایران کے میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کیے جائیں۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباؤم نے بھی کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ان کا ملک ایران کے میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
ابتدائی طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ایرانی ٹیم کا خیرمقدم کیا جائے گا، تاہم بعد میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کو ’اپنی جان اور سلامتی کے پیش نظر‘ ٹورنامنٹ میں نہیں آنا چاہیے۔
اس بیان پر ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی ایران کی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر نہیں کر سکتا۔‘
19 مارچ کو جیانی انفانٹینو نے ایک بار پھر واضح کیا کہ فیفا اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ ورلڈ کپ اپنے شیڈول کے مطابق ہو اور تمام ٹیمیں اس میں شرکت کریں گی۔ 
انہوں نے کہا کہ فیفا جغرافیائی سیاسی تنازعات حل نہیں کر سکتا، لیکن فٹبال کے ذریعے امن اور یکجہتی کو فروغ دینے کی کوشش جاری رکھے گا۔
دوسری جانب ایران نے پچھلے جمعے کو ترکیہ کے شہر بیلیک میں نائجیریا کے خلاف بھی ایک دوستانہ میچ کھیلا، جس میں کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر اور سکول بیگز کے ساتھ میدان میں آ کر جنگ کے پہلے دن ایران میں ایک پرائمری سکول پر ہونے والے حملے کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

شیئر: