معاہدہ ہو نہ ہو امریکہ ایران سے ’بہت جلد‘ نکل جائے گا: صدر ٹرمپ
معاہدہ ہو نہ ہو امریکہ ایران سے ’بہت جلد‘ نکل جائے گا: صدر ٹرمپ
بدھ 1 اپریل 2026 5:27
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج ایران میں کارروائیاں ’بہت جلد‘ ختم کر دے گی جبکہ آج رات کو وہ قوم سے ایران جنگ سے متعلق خطاب بھی کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ منگل کو وائٹ ہاؤس میں ایک ایونٹ میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں کیونکہ ان کی انتظامیہ اپنی فضائی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ایران حکام کے ساتھ بات چیت بھی کر رہی ہے۔
جب ان سے تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے صرف یہ کرنا ہے کہ ایران کو چھوڑنا ہے اور ہم یہ بہت جلد کرنے جا رہے ہیں اور وہ نیچے آ جائیں گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اپنا کام ختم کر رہے ہیں اور میرے خیال میں یہ شاید دو ہفتے کے اندر ہوجائے گا۔‘
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکی کارروائیوں کا خاتمہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے پر منحصر نہیں ہے، جس کی جانب سے جوابی کارروائی کے طور پر آبنائے ہرمز کو بند کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انہیں مجھ سے معاہدہ کرنے کی ضرورت نہیں، جب ہمیں لگے گا کہ وہ طویل عرصے کے لیے پتھر کے زمانے میں چلے گئے ہیں اور جوہری ہتھیار بنانے کے قابل نہیں ہیں تو ہم وہاں سے چلے جائیں گے۔‘
ان کے مطابق ’چاہے معاہدہ ہو یا نہ ہو، یہ غیر متعلقہ بات ہے۔‘
’ایران جنگ کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ‘، ٹرمپ آج قوم سے خطاب کریں گے
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بدھ کی رات کو نو بجے ایران جنگ سے متعلق قوم سے خطاب کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ قوم سے خطاب میں ایران جنگ کے بارے میں اہم اپ ڈیٹ دیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے منگل کی شام کو ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’دیکھیے گا، بدھ کی رات نو بجے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قوم سے خطاب کریں گے جس میں وہ قوم کو ایران جنگ کے حوالے سے ایک اہم اپ ڈیٹ دیں گے۔‘
28 فروری کو ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملے سے شروع ہونے والی لڑائی پانچویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے جس کے آغاز میں ہی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے جواب میں ایران خیلجی ممالک پر حملے کر رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہاں امریکی اڈوں کو بنایا جا رہا ہے جبکہ اس کی جانب سے اسرائیل پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔
اس لڑائی کی وجہ سے تیل کی تجارت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور آبنائے ہرمز بھی بند ہے جس کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔