مکہ میوزیم میں 13ویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نایاب نسخے کی نمائش
میوزیم کی رونق بننے والا یہ قدیم مصحف اپنی خطاطی کے لحاظ سے بے مثال ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے قرآن کریم میوزیم میں 13ویں صدی ہجری کا ایک انتہائی نایاب قرآن کا نسخہ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
یہ قدیم نسخہ مسلمانوں کے دلوں میں قرآن پاک کے لیے تعظیم کو ظاہر کرتا ہے اور اسی لیے اس کی خطاطی اور آرائش پر خاص توجہ دی گئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق میوزیم کی رونق بننے والا یہ قدیم مصحف اپنی خطاطی اور آرائشی طرز کے لحاظ سے بے مثال ہے۔
اس میں متن کو سیاہ روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے جبکہ مختلف رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اعراب لگائے گئے ہیں جو تحریر کے حسن کو مزید نکھارتے ہیں۔
آیات کے درمیان وقفوں (فواصل) کو سنہری دائروں کی صورت میں مزین کیا گیا ہے جبکہ صفحات کے اندر متن کو رنگین فریم دیے گئے ہیں۔
تلاوت میں آسانی کے لیے مختلف مقامات کے درمیان علامات بھی رنگوں سے ظاہر کی گئی ہیں۔
قدیم قرآنی نسخے کے آغاز، وسط اور اختتام پر نہایت نفیس نقوش، سنہری آرائش اور باریک نقش و نگار موجود ہیں جو اسلامی فنِ خطاطی کے اعلٰی معیار کی عکاسی کرتے ہیں۔
ابتدائی صفحات میں، سطور سنہری بادلوں کے پس منظر میں جلوہ گر ہوتی ہیں جو اس دور کی اسلامی خطاطی کے جمالیاتی اور تہذیبی پہلو کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔
