سمارٹ سٹی انڈیکس 2026: العلا کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری
العلا رینکنگ میں 27 درجے ترقی کے بعد 85 ویں نمبر پر پہنچ گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سمارٹ سٹی انڈیکس 2026 میں العلا نے سب سے زیادہ بہتری ریکارڈ کی ہے۔ آئی ایم ڈی انڈیکس میں اپنی پوزیشن بہتر کرتے ہوئے 112 ویں سے 85 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
اس سال کی رینکنگ میں زیورخ پہلے، اوسلو دوسرے اور جنیوا تیسرے نمبر پر ہیں، العلا نے اپنی رینکنگ میں 27 درجے جبکہ واشنگٹن ڈی سی نے 23 درجے ترقی کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق العلا کی رینکنگ میں نمایاں اضافہ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی واضح عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خدمات کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے العلا کے رہائشیوں کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے۔
سالِ رواں کے ایڈیشن میں معیار زندگی، خدمات کی کارکردگی، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی پائیداری اور سمارٹ گورننس سمیت دیگر امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

معیار زندگی کے حوالے سے العلا رائل کمیشن نے ایک مربوط نظام قائم کیا جس میں تعلیم، صحت، ترقیاتی امور و دیگر سروسز شامل ہیں۔
تعلیم کے حوالے سے لینگویج انسٹی ٹیوٹ کی سہولت فراہم کی گئی جہاں پانچ زبانوں کی تعلیم دی جاتی ہے جبکہ سکالرشپ پروگرام کے تحت 690 سے زیادہ طلبہ مستفیض ہو رہے ہیں۔
علاوہ ازیں تربیتی پروگرام میں 800 سے زیادہ اساتذہ نے شرکت کی اور کمیونٹی پروگراموں میں 7400 کے قریب طلبہ شریک ہوئے۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر میں العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کی گئی جس کے بعد یہاں سالانہ مسافروں کی گنجائش چار لاکھ سے بڑھ کر سات لاکھ تک پہنچ گئی۔ مسافروں کو سمارٹ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے امیگریشن کاؤنٹرز پر جدید ترین سسٹم موجود ہے۔
