سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض کو نشانہ بنانے والے حوثی بیلسٹک میزائل مار گرائے
جمعرات 29 اکتوبر 2026 20:53
20 منٹ بعد تینوں علاقوں میں خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا گیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں فضائی دفاعی نظام نے جمعرات کو ریاض کی جانب داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو مار گرایا۔
یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے ترجمان نے بتایا جمعرات کی شام حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی سمت داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے جمعرات کی شام ریاض، نجران اور الخرج میں ممکنہ خطرے کے الرٹ جاری کیے۔
الرٹ جاری کیے جانے کے تقریبا 20 منٹ بعد تینوں علاقوں میں خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا گیا۔
خطرے کے الرٹ ایسے وقت جاری کیے گئے جب ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا سعودی عرب میں شہری مقامات پر میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
عرب اتحاد نے بدھ کو کہا تھا کہ اس نے طائف کی جانب داغے گئے ایک حوثی بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا۔
جبکہ منگل کی شام ریاض میں انٹرسیپٹ کیے جانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک عمارت، تعمیراتی سائٹ اور گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری حوثی ملیشیا کے حملوں میں مملکت کے ایئرپورٹس، انرجی انفرا سٹرکچر اور مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
10 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے مہلک میزائل حملے میں 13 افراد جان سے گئے جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
