جدہ اے ایف سی چیمپیئنز لیگ ایلیٹ 2026 کے فائنل سٹیجز کی میزبانی کرے گا
جدہ اے ایف سی چیمپیئنز لیگ ایلیٹ 2026 کے فائنل سٹیجز کی میزبانی کرے گا
اتوار 12 اپریل 2026 10:22
فائنل سٹیج کے تمام میچز سنگل میچ فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے (فوٹو: ڈازن)
جدہ گورنریٹ 13 سے 25 اپریل تک کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم اور پرنس عبداللہ الفیصل سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں اے ایف سی چیمپیئنز لیگ ایلیٹ 2026-2025 سیزن کے راؤنڈ آف 16 اور فائنل سٹیجز کی میزبانی کرے گا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے ویسٹ ریجن راؤنڈ آف 16 کے میچز 13 اور 14 اپریل کو بطور سنگل لیگ فارمیٹ جدہ میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد میچز ہوم اینڈ اوے سسٹم کے تحت شفٹ ہو جائیں گے۔
ان مقابلوں میں الہلال، الاہلی، الاتحاد جبکہ قطر کے السعد اور الدحیل، یو اے ای کے الوحدہ اور شباب الاہلی جبکہ ایران کے ٹریکٹر کلب شامل ہیں۔
ایشین فٹبال شائقین کی توجہ ٹورنامنٹ کے فائنل پر ہے جو ایک ہی جگہ پر 16 سے 25 اپریل تک کھیلے جائیں گے جبکہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایشین فٹبال کانفیڈریشن (اے ایف سی) کے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے ناک آؤٹ سٹیج ڈرا کے بعد مقابلوں کی سنسنی بڑھ گئی ہے۔
کوارٹر فائنل 16 اپریل کو کھیلے جائیں گے جبکہ باقی میچز 17 اور 18 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ اسی طرح دو سیمی فائنل میچز 20 اور 21 اپریل کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 25 اپریل کو کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں ہوگا۔
کوارٹر فائنل ڈرا کے نتائج کئی اہم میچوں کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ الہلال اور السعد کے درمیان میچ کے فاتح کا مقابلہ جاپان کے وسل کوب سے ہوگا جبکہ الاہلی اور الدحیل کے درمیان جیتنے والی ٹیم کا میچ ملائیشیا کے جوہر دارالتعظیم سے ہوگا۔
الاتحاد اور الوحدہ کے درمیان میچ جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ جاپان کے مشیدہ زیلویا سے ہوگا جبکہ تھائی لینڈ کے کلب بریرام یونائیٹڈ کا مقابلہ ٹریکٹر اور شباب الاہلی کے درمیان جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔
الاتحاد اور الوحدہ کے درمیان میچ جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ جاپان کے مشیدہ زیلویا سے ہوگا (فوٹو: الاتحاد ایکس)
فائنل سٹیج کے تمام میچز سنگل میچ فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے۔ مجموعی طور پر سات میچ ہوں گے جس کا مقصد مقابلے کو بڑھانا ہے اور ٹورنامنٹ کو سنسنی خیز بنانا ہے۔
ٹورنامنٹ کے ایڈوانس سٹیجز کی میزبانی کرنے پر خطے میں کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرنے کے لیے ایک بڑے مقام کے طور پر جدہ کی حیثیت سامنے آ رہی ہے۔ یہاں جدید انفراسٹرکچر ہے جس میں جدید سپورٹس سہولیات، متنوع لوجسٹک سروسز اور آرگنائزیشنل تجربات شامل ہیں۔
مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ میچوں کے ٹکٹ اہلاً ایپ سے بک کریں جو فینز کے لیے مختص ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس سے حاضرین کی آمد کا سلسلہ اور مجموعی طور پر شائقین کے تجربات کو بہتر بنایا گیا ہے۔