’کنگ فیصل ایوارڈ 2026‘ سالانہ تقریب بدھ کو ریاض میں ہوگی
مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈ دیا جاتا ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی’ کنگ فیصل ایوارڈ 2026‘ 48 ویں ایڈیشن کی سالانہ تقریب بدھ 15 اپریل کو ریاض میں ہوگی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہی شخصیات، وزرا، سکالرز، سائنسی، ثقافتی اور میڈیا اداروں کے نمائندگان کی موجودگی میں ایوارڈ دیے جائیں گے۔
کنگ فیصل ایوارڈ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔
تقریب کے ایک حصے میں ایوارڈ یافتگان اور ان کی سائنسی اور فکری کامیابیوں کے ساتھ، ان نمایاں کوششوں اور تعاون کو اجاگر کیا جائے گا جنہوں نے انسانیت پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔
یاد رہے کنگ فیصل ایوارڈ جنرل سیکریٹریٹ نے اس سال ایوارڈ کے لیے ’اسلامی علوم کے شعبے میں ’اسلامی دنیا میں تجارتی راستے‘، عربی زبان و ادب میں ’فرانسیسی میں عربی ادب‘، میڈیسن میں ’مٹاپے کے علاج کو تبدیل کرنے والی دریافتیں‘ جبکہ سائنس کے شعبے میں ’میتھمیٹکس‘ کے موضوع کا انتخاب کیا۔
جبکہ اسلام کی خدمت ایک اعزازی ایوارڈ ہے جو اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے لیے غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
کنگ فیصل ایوارڈ 1979 میں پہلی مرتبہ تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب میں دیا گیا تھا۔
1980 میں دو مزید شعبے طب اور سائنس متعارف کرائے گئے، ایوارڈ یافتگان کو دو لاکھ ڈالر، 200 گرام 24 قیراط کا گولڈ میڈل اور سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔
