Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں 20 دن کی باہم جڑی سعودی بچیوں کا کامیاب آپریشن

سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کی میڈیکل اور سرجیکل ٹیم نے باہم جڑی ہوئی سعودی بچیوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن کامیابی سے مکمل کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق بچیوں کی عمر 20 دن تھی اور یہ آپریشن چھ مراحل میں تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے میں مکمل کیا گیا۔
ریاض کے کنگ عبداللہ سپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال میں کیے جانے والے آپریشن میں 23 ماہرین کی ٹیم نے شرکت کی جس کی سربراہی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کر رہے تھے۔
سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ العربیہ نے بتایا کہ ’بچیاں سینے کے نیچے اور پیٹ سے جڑی ہوئی تھیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بچیوں کو الگ کرنے سے قبل باریک بینی سے طبی معائنہ کیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ بچیوں کا معدہ، جگر اور آنتیں مشترکہ ہیں، دونوں کا وزن 5 کلو گرام کے قریب تھا۔‘
سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کے تحت باہم جڑے بچوں کو جدا کرنے کا یہ 69 واں کیس تھا جو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
 سعودی بچیوں کے والدین نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی پروگرام کے سربراہ اور ٹیم کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔

یاد رہے کہ  سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کا آغاز 1990 میں کیا گیا تھا۔
پروگرام کے تحت اب تک پانچ براعظموں کے 28 ممالک کے 157 کیسز کا جائزہ لیا گیا جن مین 68 جڑے ہوئے بچوں کو کامیابی سے الگ کیا گیا۔ انہیں مکمل دیکھ بھال فراہم کی جس میں نفسیاتی، سماجی اور تعلیمی مدد بھی شامل ہے۔

 

شیئر: