’کنگ فیصل ایوارڈ 2026‘ کی سالانہ تقریب، فاتحین کو اعزاز سے نوازا گیا
جمعرات 16 اپریل 2026 19:15
کنگ فیصل ایوارڈ 2026 کی سالانہ تقریب بدھ کی رات ریاض میں ہوئی جس میں اسلامی علوم، عربی زبان اور ادب، میڈیسن، سائنس اور اسلام کی خدمت کے شعبے میں فاتحین کو اعزاز سے نوازا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریاض ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے ایوارڈ کے 48 ویں ایڈیشن کے فاتحین کو اعزاز سے نوازا۔
وزرا، سفارتکار، سکالرز، سائنسی، ثقافتی اور میڈیا اداروں کے نمائندگان بھی تقریب میں موجود تھے۔
اس سال ایوارڈ کا 48واں ایڈیش، ایک سنگ میل کے ساتھ ہم آہنگ تھا۔ کنگ فیصل فاؤنڈیشن کو 50 برس مکمل ہوگئے جو 1976 میں قائم ہوئی جبکہ 1979 میں پہلی ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
کنگ فیصل فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے قائم مقام چیئرمین شہزادہ ترکی الفیصل نے تقریب کی سرپرستی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔
کنگ فیصل پرائز کے سیکریٹری جنرل عبدالعزیز السبیل نے فاتحین کا تعارف کرایا،علم کی ترقی میں ان کی کامیابیوں کواجاگر کیا جنہوں نے انسانیت پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔
اسلام کی خدمت کے شعبے میں الفوزان ہولڈنگ کمپنی کے سربراہ شیخ عبداللطیف بن احمد الفوزان اورجامعہ الازہر کے پروفیسر محمد ابو موسی کو مشترکہ طور پر ایوارڈ دیا گیا۔

اسلامی علوم کا ایوارڈ مصر کی یونیورسٹی کے پروفیسرعبدالحمید حسین حمودہ اور اردن کی یونیورسٹی کے پروفیسر محمد وہیب حسین کو مشترکہ طور پرحصے میں آیا۔
عربی زبان اور ادب کا ایوارڈ اس سال فرانسیسی یونیورسٹی کے پروفیسر پیئر لاچر کو ملا ہے۔
میڈیسن کا انعام امریکی یونیورسٹی کی پروفیسر سویتلانا موزیووا جبکہ سائنس کا ایوارڈ شگاگو یونیورسٹی کے پروفیسر کارلوس کوینیگ کو دیا گیا۔
یاد رہے کنگ فیصل ایوارڈ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔

اس سال ایوارڈ کے لیے اسلامی علوم کے شعبے میں اسلامی دنیا میں تجارتی راستے، عربی زبان و ادب میں فرانسیسی میں عربی ادب، میڈیسن میں مٹاپے کے علاج کو تبدیل کرنے والی دریافتیں جبکہ سائنس کے شعبے میں میتھمیٹکس کے موضوع کا انتخاب کیا گیا تھا۔
جبکہ اسلام کی خدمت ایک اعزازی ایوارڈ ہے جو اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے لیے غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
کنگ فیصل ایوارڈ 1979 میں پہلی مرتبہ تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب میں دیا گیا تھا۔ 1980 میں دو مزید شعبے طب اور سائنس متعارف کرائے گئے۔
ایوارڈ یافتگان کو دو لاکھ ڈالر نقد انعام دیا جاتا ہے اور 200 گرام 24 قیراط سونے کا تمغہ اور سرٹیفکیٹ بھی دیا جاتا ہے
