’صحت عامہ اور سیفٹی‘ سعودی عرب میں موبائل فوڈ ٹرک کے لیے نئے ضوابط
بیان کے مطابقق فوڈ ٹرک مخصوص کردہ مقامات پر لگانے کی اجازت ہوگی۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ بلدیات نے موبائل فوڈ ٹرک کے حوالے سے نئے ضوابط کی منظوری دی ہے۔ نئے ضوابط کا مقصد صحت عامہ کے مفاد کو مقدم رکھنا اور سروسز کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے نئے ضوابط کے حوالے سے بتایا موبائل فوڈ ٹرک مخصوص کردہ مقامات پر لگانے کی اجازت ہوگی۔
کسی بھی پٹرول پمپ سے اس کا فاصلہ دس میٹر سے کم نہ ہو، رہائشی علاقوں اور ہنگامی ایگزٹس کے علاوہ ایسے مقامات پر بھی فوڈ ٹرکس نہیں لگائے جاسکتے جو ماحولیاتی آلودگی کے ذرائع ہوں (کچرا خانے وغیرہ)
فوڈ ٹرک میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، روشنی اور تازہ ہوا کی آمد ورفت کا مناسب بندوبست ہو، ٹرک کا اندرونی درجہ حرارت 25 ڈگری سے زیادہ نہ ہو، ٹرک میں سیفٹی کا پورا بندوبست کیا جائے، گرمی کو روکنے کا مناسب اہتمام ضروری ہے۔
فوڈ ٹرک کے لیے مقررہ لائسنس اور جس مقام پر ٹرک لگایا جائے اس کا این او سی مقررہ اداروں سے حاصل کرنا ضروری ہے۔
فوڈ ٹرکس میں لاوڈ سپیکرز کا استعمال ممنوع ہوگا ، کام کے مقررہ دورانیے کی پابندی کی جائے، ٹرک کی مقرر کردہ حدود سے تجاوز نہ کیا جائےاور فرسٹ ایڈ بکس ٹرک میں نمایاں مقام پر لگایا جائے۔

وزارت نے فوڈ ٹرک میں فوڈ سکیورٹی کا خاص خیال رکھنے پر زور دیا، سبزیوں اور فروٹ کو دھونے کے لیے مخصوص مقام ہو جبکہ ٹرک میں سلاد تیار کرنے کی ممانعت ہوگی، منجمد اشیا کو ڈی فراسٹ اور ٹھنڈے گرم مشروبات کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔
فروخت کی جانے والی غذائی اشیا کے اجزائے ترکیبی کے بارے میں تفصیلات درج کی جائیں، اگر کوئی چیز الرجی کا سبب بن سکتی ہے تو اس کی وضاحت بھی کی جائے۔
ایکسپائری ڈیٹ کےعلاوہ استعمال کیے جانے والے گوشت کے بارے میں مکمل معلومات، اسے کس ملک سے درآمد کیا گیا بھی صارفین کی معلومات کے لیے چارٹ میں درج ہونا چاہیے۔
جبکہ فوڈ ٹرک میں ڈیجیٹل ادائیگی کے انتظام کو یقینی بنایا جائے۔
