مسجد الحرام میں زائرین کے لیے نئی ڈیجیٹل سروس متعارف
زائرین ازدحام کی صورتحال سے فوری طور پر آگاہ ہو سکیں گے۔( فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال کے امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام میں زائرین کی سہولت کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل سروس متعارف کرائی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈیجیٹل سروس کے ذریعے زائرین صحن مطاف اور مسعی میں ازدحام کی صورتحال سے فوری طور پر آگاہ ہو سکیں گے۔
دونوں مقامات میں ازدحام کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمرہ زائرین کو یہ تعین کرنے کی سہولت ہو گی کہ وہ طواف اور سعی کے لیے وقت اور موزوں راستے کا انتخاب کریں۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ڈیجیٹل سروس رنگوں کے آسان اشارے کے ذریعے ازدحام کی مانیٹرنگ میں مدد دیتی ہے۔
اس سے نہ صرف مسجد الحرام میں ازدحام کو کنٹرول کیا جاسکے گا بلکہ عمرہ زائرین کو بھی موزوں وقت اور راستوں کا تعین کرنے میں سہولت ہوگی۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ڈیجیٹل خدمات متعارف کرائی جارہی ہیں، تاکہ زائرین کو بہتر اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
