جنگلاتی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے پر سعودی نیشنل سینٹر کی کامیابی
سعودی نیشنل سینٹر فارویجیٹیشن ڈیولپمنٹ اینڈ کامبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن نے جنگلات کے انتظام کے شعبے میں اپنے کام اور منصوبوں کو عالمی معیارات کے مطابق نافذ کرنے پر ’آئی ایس او 9001‘ سرٹیفکیشن حاصل کی ہے۔
یہ کامیابی ادارہ جاتی نظام کی بہتری میں معاون ثابت ہوگی، پائیدار جنگلاتی انتظام کے طریقہ کار کو یکساں بنایا جائے گا اور آپریشنل عمل کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’آئی ایس او 9001‘ کوالٹی منیجمنٹ سسٹم کے سب سے اہم معیارات میں سے ایک ہے جسے انٹرنیشنل ایکریڈیٹیشن فورم (آئی اے ایف) نے تسلیم کیا ہے۔
اس کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانا، عمل کو منظم کرنا اور بہترین عالمی طریقہ کار کے مطابق کام انجام دینا ہے۔
یہ نظام موثر منصوبہ بندی، وسائل کے بہتراستعمال، کارکردگی کی نگرانی و جانچ کے اعلی معیار اور ادارہ جاتی شفافیت و جوابدہی کے عمل کو بھی مضبوط بناتا ہے۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ مرکز نباتاتی مقامات کے فروغ، تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے سرگرم عمل ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور قدرتی ماحول میں حیاتیاتی تنوع کی از سرنو بحالی پر بھی توجہ دیتا ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر، جنگلات کے پائیدار انتظام کے فروغ کے لیے ان کی نشوونما اور قدرتی خطرات یا انسانی سرگرمیوں سے ممکنہ نقصان کے پیشگی تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کرتا ہے۔
