وژن 2030: مملکت، روشن مستقبل کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، سعودی قیادت
سعودی وژن 2030 کی سالانہ رپورٹ سنیچر کو جاری کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وژن 2030 کی سالانہ رپورٹ میں جو سنیچر کو جاری کی گئی مملکت کی کامیابیوں کو اجاگر کیا ہے، بیشتر اہداف حاصل کر لیے گئے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ’ وژن 2030 کے تحت غیر معمولی ترقی کے ساتھ ہمارا ملک ایک روشن مستقبل کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق وژن 2030 کی سالانہ رپورٹ کے موقع پر بیان میں سعودی قیادت نے اب تک حاصل ہونے والی کامیابوں کو سراہا ہے۔
شاہ سلمان نے مزید کہا کہ’ سعودی عرب ایک نمایاں مثال کے طور پر ابھرا ہے کہ اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو موثر طریقے سے کیسے بروئے کار لا کر جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، جس کا اثر اس کے عوام کے معیار زندگی میں واضح طور پر جھلکتا ہے۔‘
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بیان میں کہا کہ ’وژن 2030 کے تحت ایک دہائی کی جامع ترقی کے بعد ہماری قوم نے دکھایا ہے کہ کس طرح امنگوں کو اپنے عوام کے عزم اور اداروں کی طاقت کے ذریعے عزائم کو حقیقی نتائج میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا’ حالیہ برسوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا مطلب ہے کہ ہمیں اب اس رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے اس پر مزید کام کرنا ہوگا۔ اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔ اپنے منصوبوں کو مستحکم بنانا ہوگا تاکہ ترقی کو برقرار رکھا جا سکے اور اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بناتے رہیں۔‘
