سعودی رائل ریزرو میں ہوبارا بسٹرڈ بریڈنگ سینٹر
سعودی وزیر مملکت، رکن کابینہ اور امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو کے چیئرمین شہزادہ ترکی بن محمد نے ہوبارا بسٹرڈ بریڈنگ سینٹر کا دورہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ ترکی بن محمد نے مملکت کی اعلٰی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی شعبے کی بھرپور سرپرستی کے باعث ایسے منصوبے کامیابی سے ترقی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’یہ انیشیٹیوز ماحولیاتی توازن، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی و اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔‘
دورے کے دوران ہوبارا بسٹرڈ بریڈنگ سینٹر میں اختیار کیے گئے جدید طریقوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے یہ سینٹر مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے جو جنگلی حیات کی بحالی کے قومی منصوبوں میں ایک سٹرٹیجک حیثیت رکھتا ہے۔

اس سینٹر میں ہوبارا بسٹرڈ کو ان کے قدرتی مسکن میں دوبارہ منتقل کرنے کے لیے عالمی معیار کے مطابق طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے جو سائنسی اور ماحولیاتی اشتراک کی عمدہ مثال ہے۔
