Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں پہلی بار لگژری بحری ٹیکسی سروس کا باقاعدہ آغاز

مرحلہ وار بحری ٹیکسی سروس کو وسعت دی جائے گی (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے ’بحری ٹیکسی‘ کے عنوان سے نئی لگژری کشتی سروس کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ سمندری تفریح کے جدید تصور سے آراستہ بوٹس متعارف کرائی گئی۔
اخبار 24 کے مطابق کمشنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی نے ٹیکسی سروس کا افتتاح کیا اس موقع پر ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے سربراہ انجینئر فواز السھیلی اورسی ای او یوسف الصائغ بھی موجود تھے۔
ٹیکسی سروس کے افتتاح کے حوالے سے پہلے مرحلے میں جدہ یاٹ کلب کو سروسز فراہم کرنے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، مستقبل میں اس کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا ارادہ ہے۔
بحری ٹیکسی کے عنوان سے شروع کی جانے والی سروس کے بارے میں ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ سمندری ٹیکسی سروس کے لیے معیار مقرر کیے گئے ہیں، جن کے مطابق کشتی کی لمبائی 14.30 میٹر جبکہ چوڑائی 3.24 میٹر ہے۔
ٹیکسی سروس کے تحت کمپنی کی جانب سے جو لگژری بوٹس فراہم کی جارہی ہیں ان میں مسافروں کے آرام کا خاص خیال رکھا گیا ہے جبکہ کشتی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے جو موثر آپریشن اور مسافروں کی راحت کو یقینی بناتی ہے۔
شروع کی جانے والی نئی لگژری کشتی میں ایندھن کی گنجائش 2271 لیٹر ہے جبکہ 283 لیٹر کی گنجائش والے پانی کے ٹینک بھی نصب کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں بحری ٹیکسی سروس کا تجرباتی آغاز کیا گیا تھا (فوٹو، ایکس)

کشتی میں دوانجن ہیں جن ایک 880 جبکہ دوسرا 1400 ہارس پاور والا ہے جس سے کشتی کو سطحِ آب پر تیز رفتاری سے حرکت دی جاسکتی ہے۔
خیال رہے سمندری ٹیکسی سروس کا منصوبہ جدہ میں بحری نقل و حمل کے نظام کی ترقی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا تھا کہ لگژری کشتی سروس کا مقصد ساحلی علاقے میں سفری تجربے کو بہتر بناتے ہوئے آرام دہ و جدید سہولیات فراہم کرنا، سمندری سیاحت کو فروغ دینا اور شہریوں و سیاحوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

شیئر: