عسیر کے آسمانوں پر پیراگلائیڈنگ کے رنگ، مہم جوئی کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز
پیرا گلائیڈنگ محائل عسیر میں سیاحتی تجربات کی خوبصورتی کو بڑھا دیتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
عسیر ریجن کے پہاڑ اور میدان پیرا گلائیڈنگ کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں جو اس علاقے کے وسیع اور خوبصورت مناظر سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ یہ مناظر اس کھیل کے لیے بہترین حالات فراہم کرتے ہیں اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دیتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق محائل عسیر گورنریٹ کے شمال مشرق میں تھامہ بلسمر کے علاقے میں واقع جبل حدہ پر پیرا گلائیڈنگ کی تاریخ 20 سال سے زیادہ پرانی ہے۔
عسیر پیرا گلائیڈنگ کلب میں 300 سے زیادہ پائلٹس ہیں جن میں سے اکثریت 30 کی دہائی کی عمر میں ہے۔ خواتین بھی اس میں حصہ لے رہی ہیں جو اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ہر طبقے میں اس کی پسندیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ کلب محائل عسیر گورنریٹ میں جبل حدہ اور جبل المقیسرہ سے اپنے فلائنگ آپریشنز چلا رہا ہے۔ موسم کے حالات کو دیکھتے ہوئے روزانہ عصر کی نماز کے بعد سے سورج غروب ہونے تک پروازیں کی جاتی ہیں۔

پیرا گلائیڈنگ محائل عسیر گورنریٹ اور پورے علاقے میں دستیاب سیاحتی تجربات کی خوبصورتی کو اور بڑھا دیتی ہے۔
یہ کھیل ایڈونچر کے شوقین افراد کے ساتھ ساتھ ان سیاحوں کو بھی اپنی طرف راغب کرتا ہے جو پہاڑی علاقوں کے اوپر پروازیں دیکھنے اور مختلف بلندیوں سے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔
