آج سے بارش و ژالہ باری، پاکستان میں کہاں کہاں اور کب تک بادل برسیں گے؟
آج سے بارش و ژالہ باری، پاکستان میں کہاں کہاں اور کب تک بادل برسیں گے؟
ہفتہ 2 مئی 2026 12:39
بعض علاقوں میں شدید آندھی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے (فوٹو: ای پی اے)
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کر دی ہے اور محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سنیچر کو جاری کیے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ دو مئی (آج) شمال مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو کہ پانچ مئی تک برقرار رہ سکتا ہے، جس سے اسلام آباد کے علاوہ تین صوبوں کے بعض مقامات پر بارش ہو گی جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دو مئی کی شام سے چار مئی کی رات تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ تین اور چار مئی کو ڈیرہ غازی خان، ملتان اور خانیوال میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
بیان میں خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دو مئی سے چار مئی کے دوران چترل، دیر، سوات، مالم جبہ، مردان، کوہاٹ اور وزیرستان سمیت دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہو گئی جبکہ آندھی چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے (فوٹو: ویدر پورٹل)
گلگت بلتستان میں دو مئی سے پانچ مئی کے دوران استور، سکردو، ہنزہ اور گلگت سمیت تمام اضلاع میں گرج چمک ے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح کشمیر میں بھی آج سے پانچ مئی تک وادی نیلم، مظفر آباد، کوٹلی اور میرپور میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
صوبہ بلوچستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے آج سے چار مئی تک کوئٹہ، زیارت، چمن، ژوب اور لورالائی میں تیز ہوائیں چلیں گے اور بادل برسیں گے۔
سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
شہریوں کو خراب موسم کے دوران سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: اردو نیوز)
بیان میں خبردار بھی کیا گیا ہے کہ ژالہ باری سے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اسی طرح ژالہ باری سے فصلیں متاثر ہونے کے بھی خدشات ہیں اس لیے کسانوں کو موسم کی مناسبت سے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح سیاحوں اور مسافروں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے اور موسم کے بارے میں اپ ڈیٹس سے باخبر رہنے کا کہا گیا ہے جبکہ بارش اور ژالہ باری کے دوران ڈرائیونگ کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔