بالی وڈ کی ’مہنگی ترین‘ فلم ’رامائن‘ نے پہلے ہی دن باکس آفس پر متعدد ریکارڈ پاش پاش کردیے
بالی وڈ کی ’مہنگی ترین‘ فلم ’رامائن‘ نے پہلے ہی دن باکس آفس پر متعدد ریکارڈ پاش پاش کردیے
جمعہ 6 نومبر 2026 17:16
فلم نے اداکارہ سائی پلوی کو بھی ان کے کیریئر کی سب سے بڑی باکس آفس اوپننگ دلا دی ہے (فائل فوٹو: رامائن)
بالی وُڈ کے مشہور اداکار رنبیر کپور، سائی پلوی اور یش کی فلم ’رامائن‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز انڈین باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
ہدایت کار نتیش تیواری کی اس میتھولوجیکل فلم نے ابتدائی اندازوں کے مطابق انڈیا میں پہلے روز 64 کروڑ 85 لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اس شاندار اوپننگ کے ساتھ ’رامائن‘ سنہ 2026 کی سب سے زیادہ اوپننگ کرنے والی ہندی فلموں میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ اس فہرست میں پہلا نمبر رنویر سنگھ کی فلم ’دھریندر: دی ریوینج‘ کا ہے، جس نے پہلے روز تمام زبانوں میں 102 کروڑ 55 لاکھ روپے کمائے تھے۔
’رامائن‘ نے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ان کے کیریئر کی سب سے بڑی اوپننگ حاصل کر لی ہے۔
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اینیمل‘ نے سنہ2023 میں ریلیز کے پہلے روز انڈیا میں 63 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا تھا جبکہ ’رامائن‘ نے 64 کروڑ 85 لاکھ روپے کما کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
سائی پلوی کی بھی سب سے بڑی اوپننگ
فلم نے اداکارہ سائی پلوی کو بھی ان کے کیریئر کی سب سے بڑی باکس آفس اوپننگ دلا دی ہے۔
اس سے قبل ان کی فلم ’اماران‘ کو پہلے روز تقریباً 21 کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمائی کے ساتھ یہ اعزاز حاصل تھا تاہم ’رامائن‘ نے اس ریکارڈ کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فلم میں رنبیر کپور ہندو مذہب کے بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہدایت کار نتیش تیواری کا بھی نیا ریکارڈ
’رامائن‘ ہدایت کار نتیش تیواری کے کیریئر کی بھی سب سے بڑی اوپننگ والی فلم بن گئی ہے۔
اس سے قبل ان کی ہدایت کاری میں بننے والی عامر خان کی فلم ’دنگل‘ نے سنہ 2016 میں ریلیز کے پہلے روز 29 کروڑ 78 لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا تھا جبکہ ’رامائن‘ نے اس سے دوگنی سے بھی زیادہ کمائی کی ہے۔
’درشیم تھری‘ کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر
’رامائن‘ نے 2026 کی بڑی ہندی اوپننگ والی فلموں کی فہرست میں اجے دیوگن کی فلم ’درشیم تھری: دی کنکلوژن‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ’درشیم تھری‘ نے پہلے روز 62 کروڑ روپے کمائے تھے، جبکہ ’رامائن‘ کا پہلے روز کا نیٹ بزنس 64 کروڑ 85 لاکھ روپے رہا۔
تاہم اس فہرست میں سرفہرست رنویر سنگھ کی ’دھریندر: دی ریوینج‘ ہے۔
دیوالی سے قبل ہندی فلموں کی بڑی اوپننگ
’رامائن‘ نے دیوالی سے قبل ریلیز ہونے والی ہندی فلموں کی بڑی اوپننگ کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔
ابتدائی تجارتی اندازوں کے مطابق فلم کے ہندی ورژن نے پہلے روز تقریباً 72 کروڑ روپے کا مجموعی بزنس کیا، جس کے بعد اس نے عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے سنہ 2018 میں ریلیز کے پہلے روز 50 کروڑ 75 لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا تھا۔
باکس آفس کی تاریخ کی بڑی ہندی اوپننگز میں شامل
’رامائن‘ اب ہندی فلموں کی تاریخ میں پہلے روز سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں بھی شامل ہو گئی ہے۔
تقریباً 72 کروڑ روپے کی ہندی اوپننگ کے ساتھ یہ فلم اس فہرست میں رنویر سنگھ کی ’دھریندر: دی ریوینج‘ اور شاہ رخ خان کی ’جوان‘ کے بعد تیسرے نمبر پر بتائی جا رہی ہے۔
فلم کے مختلف زبانوں میں ریلیز ہونے سے بھی مجموعی کمائی میں اضافہ ہوا ہے۔ فلمی تجارت پر نظر رکھنے والے ادارے ساکنلک کے مطابق ’رامائن‘ کے ہندی ورژن نے 47 کروڑ 50 لاکھ روپے، کنڑ ورژن نے سات کروڑ 25 لاکھ روپے اور تیلگو ورژن نے چھ کروڑ روپے کمائے۔
اسی طرح تمل ورژن نے دو کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ ملیالم ورژن نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا نیٹ بزنس کیا۔
یش کے کیریئر کی تیسری بڑی اوپننگ
فلم میں راون کا کردار ادا کرنے والے اداکار یش کے لیے بھی ’رامائن‘ ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی ہے۔
یش اس سے قبل ’کے جی ایف: چیپٹر ٹو‘ اور ’ٹاکسک‘ جیسی فلموں کے ذریعے بڑی اوپننگز حاصل کر چکے ہیں۔ ’رامائن‘ اب ان کے کیریئر کی پہلے روز سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔
ساکنلک کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ’رامائن‘ نے انڈیا میں پہلے روز 77 کروڑ 50 لاکھ روپے کا مجموعی (گراس) بزنس کیا، جبکہ نیٹ کلیکشن 64 کروڑ 85 لاکھ روپے رہا۔
یوں فلم نے ریلیز کے پہلے ہی روز انڈین سینما میں کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔