Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

8 لاکھ 60 ہزار سے زائد عازمین مملکت پہنچ چکے: سعودی وزیر حج

عازمین کو بہتر خدمت فراہم کرنے کے لیے 100 سے زائد اقدامات کیے گئے( فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ’ اب تک 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔‘
’ان میں سے 8 لاکھ 20 ہزار فضائی، 35 ہزار زمینی اور 4 ہزار بحری راستے  سے آئے ہیں جبکہ روٹ ٹو مکہ انیشیٹیو کے ذریعے دو لاکھ 40 ہزار سے زائد عازمین پہنچے ہیں۔‘
الاخباریہ کے مطابق بدھ کو سرکاری پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا ’ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے عازمین کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔‘
’ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عازمین کو بہتر خدمت فراہم کرنے کے لیے 100 سے زائد اقدامات کیے گئے۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا’ 126 ممالک کی 30 سے زائد کمپنیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جو بغیر کسی تھرڈ پارٹی کے براہ راست ’نسک‘ پلیٹ فارم کے ذریعے عازمین کی بہتر خدمت کرسکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’حج خدمات کے سسٹم میں 60 سے زائد سرکاری اور سروسز پروائڈرز ادارے شامل ہیں‘ جو سپریم حج کمیٹی کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔‘
وزیر حج کا کہنا تھا کہ’ مملکت پہنچ جانے والے تمام عازمین کو ’نسک کارڈ‘  فراہم کر دیے گئے ہیں جبکہ سالِ رواں ’بغیر سامان‘ انیشیٹیو کے دائرہ کو مزید وسیع کرتے ہوئے عازمین کو سہولت دی گئی ہے۔‘
’بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو ایئرپورٹ پر معاملات کو نمٹانے میں 120 منٹ لگتے تھے جس کا دورانیہ اب محض 15 منٹ تک مختصر ہو چکا ہے۔‘
انہوں نے بتایا’ حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کی نگرانی کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔ تمام امور ڈیجیٹل ٹریک پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیے گئے۔‘
’نسک ایپ کے صارفین کی تعداد 51 ملین سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ رواں برس ایپ کے ذریعے 130 سے زیادہ خدمات عازمین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔‘
ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر حج وعمرہ نے بتایا ’ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 25 سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں پرکام مکمل کیا گیا۔‘
’میدان عرفات میں جبل الرحمہ کے اطراف کے مقامات پر جس کا رقبہ 272 ہزار مربع میٹر ہے، پر شیڈز اورسایہ کا انتظام کیا گیا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں پانچ فیصد زیادہ ہے۔‘
علاوہ ازیں مشاعر مقدسہ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ریسٹ ایریا کے مقامات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
’سرسبز مشاعر‘ اقدام کے تحت 60 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے جبکہ ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے پھوار پھینکنے والے پنکھوں کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔
وزیر حج کا کہنا تھا ’عازمین کی رہنمائی کے شعبے کے تحت مختلف زبانوں میں تھری ڈی رہنما سکرینز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔‘

 

شیئر: