سعودی وزیر حج نے جدہ ایئرپورٹ کا دورہ کیا، ملائیشیا کے عازمین سے ملاقات
سعودی وزیر حج نے جدہ ایئرپورٹ کا دورہ کیا، ملائیشیا کے عازمین سے ملاقات
منگل 5 مئی 2026 22:02
ایئرپورٹ پر عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’مکہ روٹ‘ انیشیٹیو کے لیے مخصوص لاونج کا دورہ کیا، ملائیشیا سے آنے والے عازمین حج سے ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر حج نے ایئرپورٹ پر عازمین حج کو فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کا جائزہ لیا۔
واضح رہے ’مکہ روٹ‘ انیشیٹیو کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کو بہترین اورتیز رفتار سہولتیں فراہم کرنا ہے، جس کے تحت عازمین کے ملک میں ہی ان کے امیگریشن کی کارروائی مکمل کرلی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں عازمین کے سامان پر مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں ان کی رہائش کے ٹیگ لگائے جاتے ہیں جس سے عازمین کو مملکت پہنچنے پر اپنے سامان کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑتا۔
انیشیٹیو کے تحت آنے والے عازمین لاونج سے نکل کر براہ راست بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ ان کی رہائشی عمارتوں میں پہنچا دیا جاتا ہے۔
خیال رہے مکہ روٹ انیشیٹیو کا آغاز آٹھ برس قبل کیا گیا تھا۔ ابتدا میں تجرباتی طورپر یہ اقدام جاری کیا گیا تھا بعدازاں ہر برس اس کا دائرہ وسیع کیا جاتا رہا۔
مکہ روٹ انیشیٹیو میں شامل ممالک کی تعداد 10 ہو چکی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
سالِ رواں مکہ روٹ سے مستفیض ہونے والے ممالک کی تعداد 10 تک پہنچ چکی ہے جن میں پاکستان، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، ترکیہ، ملائیشیا، مراکش، جمہوریہ آئیوری کوسٹ، مالدیپ شامل ہیں جبکہ اس سال سینیگال اور برونائی دارالسلام کا اضافہ کیا گیاہے۔
وزارت داخلہ کے اس انیشیٹیو میں وزارتِ خارجہ، صحت، حج وعمرہ ، میڈیا، سول ایوی ایشن، کسٹم ، خدمت ضیوف الرحمان پروگرام اور جوازات شامل ہیں۔