پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں حیدرآباد کنگز مین کا 130 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 16ویں اوور کی دوسری گیند پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پشاور زلمی نے دوسری مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ اس سے پہلے سنہ 2017 میں بھی پشاور زلمی ایونٹ کی فاتح تھی۔
مزید پڑھیں
-
پی ایس ایل 11 فائنل: اختتامی تقریب کا آغاز، فنکاروں کی پرفارمنسNode ID: 903791
پشاور زلمی کی جانب سے ایرن ہارڈی کی 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز اور چار شاندار وکٹیں ٹیم کی جیت کی اہم وجہ ثابت ہوئیں۔
فائنل میچ کی پہلی اننگز میں حیدرآباد کنگزمین 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بڑا رنز نہ بنا سکا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلنڈگ کا انتخاب کیا تھا۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف پی ایس ایل کے فائنل میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم لاہور پہنچے، جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی کے ہمراہ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔
میچ شروع ہونے سے پہلے فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ وزیرِ اعظم اور چیئرمین پی سی بی نے تصویریں بھی بنوائی، وزیرِ اعظم نے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کی محنت اور لگن کو سراہا اور فائنل میچ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، اعظم نزیر تارڑ ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، عبد العلیم خان، رانا مبشر اقبال اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے.
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets the players of Peshawar Zalmi and Hyderabad Kingsmen, the finalists of the PSL 11 at Gaddafi Stadium Lahore on 3 May 2026. pic.twitter.com/6VEiHVrVfW
— Prime Minister's Office (@PakPMO) May 3, 2026
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے بآسانی کامیابی سمیٹ لی، اگرچہ اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔
زلمی کو پہلے ہی اوور میں دو بڑے دھچکے لگے، جب محمد حارث چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کچھ ہی دیر بعد کشال مینڈس بھی نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس سے ٹیم 33 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکی تھی۔
مشکل صورتحال میں ایرن ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔ دونوں کے درمیان 85 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، جس نے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ عبدالصمد نے 34 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں چار چھکے شامل تھے، تاہم وہ ہدف کے قریب آ کر آؤٹ ہو گئے۔
ایرن ہارڈی نے بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر ناقابلِ شکست 56 رنز بنائے، جس میں نو چوکے شامل تھے۔ آخر میں فرحان یوسف نے دو گیندوں پر چار رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوا دی۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی نے تین وکٹیں حاصل کر کے مزاحمت کی، جبکہ عاکف جاوید اور حنین شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی نے ابتدائی مشکلات کے باوجود مڈل آرڈر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہدف باآسانی حاصل کر لیا اور ایک اہم کامیابی اپنے نام کی۔
حیدرآباد کنگزمین کی اننگز
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے اننگز کا آغاز قدرے تیز رہا، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی۔
کپتان مارنس لبوشین نے 12 گیندوں پر 20 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے چھ گیندوں پر 11 رنز بنا کر اچھا آغاز فراہم کیا۔ تاہم ٹیم کی بیٹنگ کی اصل ذمہ داری صائم ایوب نے سنبھالی، جنہوں نے 50 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، لیکن وہ بھی لمبی پارٹنرشپ نہ بنا سکے۔
درمیانی اوورز میں وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، جہاں عثمان خان، عرفان خان، گلین میکسویل اور کشال پریرا یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔ خاص طور پر میکسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جس سے ٹیم کو بڑا دھچکا لگا۔
آخر میں حسن خان نے سات گیندوں پر 12 رنز کی تیز اننگز کھیل کر سکور کو کچھ بہتر کیا، مگر باقی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 129 رنز پر سمٹ گئی۔
#HBLPSL11 | #NewEra | #PZvHK pic.twitter.com/7yOGrJjAnb
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 3, 2026












