Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں زلزلے سے 13 عمارتیں منہدم، ہزاروں افراد محفوظ مقام پر منتقل

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں (فوٹو: روئٹرز)
چین میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث 13 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں اور دو ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے جنوب مغربی علاقے گوانسکی میں پیر کی صبح آنے والے زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو تھی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور سات ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ ان قافلوں کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پڑ سکتی ہے جبکہ اس وقت مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا اور چائنہ سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) کا کہنا ہے کہ دو ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے، چار زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ان میں سے کسی بھی حالت تشویشناک نہیں تھی۔
زلزلے کے بعد بننے والی صورت حال کے حوالے سے ریلوے حکام نے آمد و رفت میں ممکنہ طور پر رکاوٹ پڑنے کا خیال ظاہر کیا ہے جبکہ انفراسٹرکچر اور ریلوے لائنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں مواصلاتی نظام بحال ہے اور بجلی کی لائنز، پانی و گیس کی فراہمی کے علاقے ٹریفک بھی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

 

شیئر: