Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر پڑاؤ ایک سفر‘: مملکت میں سیاحتی منصوبے ’مسار الشمال‘ کا افتتاح

ٹریک ریاض سے حائل ریجن تک 1200 کلو میٹر پر میحط ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرِ سیاحت اور ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد الخطیب نے سعودی ونٹر 2026 پروگرام کے تحت ’مسار الشمال‘ (شمالی ٹریک) کا افتتاح کیا ہے۔
سیاحتی منصوبے کا سلوگن ’ہر پڑاؤ ایک سفر‘ رکھا گیا ہے جس کا مقصد مملکت کے تاریخی و ثقافتی مقامات کو نمایاں کرنا اور مقامی آبادی کے ثقافتی ورثے سے جڑے سیاحتی تجربات کو فروغ دینا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ٹریک ریاض سے حائل ریجن کے علاقے ’جبہ‘ تک 1200 کلو میٹر پر میحط ہے۔ ریاض، قصیم و حائل کے علاقوں میں 16 مقامات اس میں شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت 130 سے زائد سیاحتی سرگرمیاں متعارف کرائی گئی ہیں جن کے انتظامات کے لیے 21 کمپنیاں موجود ہیں جبکہ 335 سے زیادہ ٹورگائیڈز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ان سرگرمیوں میں تاریخی دیہات اور آثار کی سیر، صحرائی مہمات، دیہی و ثقافتی سرگرمیاں، مقامی پکوانوں کا تعارف اور روایتی دستکاریوں کی نمائش کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ شمالی ٹریک کا آغاز مملکت کے متنوع سیاحتی وسائل کو اجاگر کرنے اور سیاحوں کو نئے مقامات اور تجربات سے روشناس کرانے کی جانب اہم قدم ہے۔
اس سے مقامی آبادی کا کردار مضبوط ہو گا اور نجی شعبے کو سیاحت کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا جو سعودی وژن 2030 کے اہداف میں معاون ثابت ہوگا۔
شمالی ٹریک میں آنے والوں کو قدرتی ماحول، تاریخی مقامات اور متنوع  سیاحتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آئے گا۔ ہر مقام کی علاقائی ثقافت، روایات اور باشندوں کے طرزِ زندگی سے سیاحوں کو مطلع کیا جائے گا۔
منصوبے سے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے، مقامی آبادی کی شمولیت اور نجی شعبے و کاروباری افراد کے لیے معاشی و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ابتدائی مرحلے کے تحت شمالی ٹریک کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ مستقبل میں اس کے مقامات اور سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے۔

 

شیئر: