ذو الحجہ کے دس دن: مکہ میں تکبیرات کی صدائیں عقیدت اور اتحاد کے مناظر پیش کرتی ہیں
تکبیرات کی آوازیں، مسجدالحرام اور آس پاس کے علاقوں سے بلند ہوتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
ذوالحجہ کی آمد کے ساتھ ہی مسجدوں، گھروں، بازاروں اور مشاعرِ مقدسہ میں تکبیرات کی آوازیں سننے کو مل رہی ہیں، جو حج کے ایام کا وہ مانوس منظر ہے جو اعلان کر رہا ہے کہ آئندہ چند روز، اسلامی کیلینڈر کے انتہائی مقدس دن ہوں گے۔
سُکون اور خود کو اللہ کے حکم کی بجاآوری کے لیے وقف کردینے والی اِس فضا میں، تکبیر کی صدائیں اِن مقدس ایام میں انتہائی نمایاں روحانی اظہار کی حیثیت رکھتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ذوالحجہ کے ابتدائی دس دنوں میں مسلمانوں کے لیے تکبیر میں دراصل گہری وابستگی کے معانی پنہاں ہیں، جس میں عبادت اور اطاعت کے مقدس زمانے میں اللہ کی شان بیان کرنا اور اسلامی شعائر کی یاد تازہ کرنا شامل ہے۔
مکہ اور دیگر مشاعرِ مقدسہ میں اس فضا کی جہت اور بھی گہری اور پُرمغز ہو جاتی ہے۔
تکبیرات کی آوازیں، مسجدالحرام اور آس پاس کے علاقوں سے بلند ہوتی ہیں جو دنیا بھر سے عازمینِ حج و عمرہ کی آمد سے ہم قدم ہو جاتی ہیں۔ اللہ کی یاد اور عبادت میں یہ وحدتِ خیال کا انتہائی طاقتور اظہار ہے۔

تکبیرات، اِن مقدس ایام میں سب سے نمایاں عمل کی نمائندگی کرتی ہیں کیونکہ یہ خدا کی واحدانیت، تکریم، اُس کے سامنے سر جھکا دینے اور شکر ادا کرنے کے اظہار کے معانی رکھتی ہیں۔
علمائے اسلام نے بھی یہ واضح کیا ہے کہ مسلم معاشروں میں تکبیرات، عقیدت کی فضا کو تقویت دیتی ہیں اور نسلوں کو عقیدے کے عملی اظہار کے طریقوں سے جوڑ دیتی ہیں۔

چونکہ یہ مقدس دن ہر سال واپس آتے ہیں اس لیے تکبیرات اسلامی شعور میں اپنے گہرے نقوش کے ساتھ موجود رہتی ہیں۔
انسان کے خالق کی عظمت، عبادت اور اُس کے تشکر کے لیے خوشی کا ایک اظہار بن جاتی ہیں اور مسلم دنیا کو امن و آشتی اور روحانی سکون سے بھر دیتی ہیں۔
