Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کِم کارڈیشین کے انڈر گارمنٹس میں کروڑوں کی کوکین سمگل کرنے والا ڈرائیور جیل پہنچ گیا

این سی اے کے آپریشنزنے بتایا کہ منظم جرائم میں ملوث گینگ اکثر ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی ایک عدالت نے ایک پولش ڈرائیور کو سات ملین پاؤنڈ (قریباً 93 لاکھ ڈالر) مالیت کی کوکین سمگل کرنے کے جرم میں ساڑھے 13 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی پولیس نے بتایا کہ ملزم نے یہ منشیات مشہور امریکی ماڈل کِم کارڈیشین کے برانڈ ’سکمز‘ کے انڈر گارمنٹس لے جانے والے ایک ٹرک میں چھپا رکھی تھی۔
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے مطابق 40 سالہ پولش شہری جیکب جان کونکیل کو پیر کو این سی اے کی تحقیقات کے بعد عدالت نے 13 سال اور چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔
ٹرک کے دروازوں میں خفیہ خانے
حکام کے مطابق ملزم کو گزشتہ برس ستمبر میں اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ نیدرلینڈز (ہالینڈ) سے مال بردار ٹرک لے کر مشرقی انگلینڈ پہنچا۔
اس ٹرک میں کِم کارڈیشین کے مشہور شیپ ویئر برانڈ ’سکمز‘ کے ملبوسات کے 28 پیلیٹس لادے گئے تھے۔ تاہم جب بارڈر فورس نے ٹرک کی تلاشی لی تو پتا چلا کہ اس میں مہارت سے خفیہ خانے بنائے گئے تھے۔
این سی اے نے اپنے بیان میں کہا ’ٹرک میں خصوصی طور پر تبدیلیاں کی گئی تھیں اور ٹریلر کے پچھلے دروازوں کی اندرونی تہہ میں ایک خفیہ خانہ تیار کیا گیا تھا جہاں سے 90 کلو گرام اعلیٰ معیار کی کوکین برآمد ہوئی۔‘
این سی اے کے آپریشنز مینیجر پال آرچرڈ نے اس کامیاب کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ منظم جرائم میں ملوث گینگ اکثر ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔
پال آرچرڈ کا کہنا تھا ’منظم جرائم کے گروہ کلاس اے (مہنگی اور خطرناک ترین) منشیات کی نقل و حمل کے لیے کونکیل جیسے کرپٹ ڈرائیوروں کا استعمال کرتے ہیں اور اس مقصد کے لیے منشیات کو بالکل قانونی اور جائز سامان کی کھیپ میں چھپایا جاتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی اور کامیاب تحقیقات کے نتیجے میں نہ صرف کوکین کی ایک بہت بڑی مقدار مارکیٹ میں پہنچنے سے پہلے ضبط کر لی گئی ہے بلکہ سمگلنگ کے پیچھے سرگرم جرائم پیشہ گروہ کو بھاری مالی نقصان بھی پہنچا ہے اور وہ اپنے ایک اہم مہرے (ڈرائیور) سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

شیئر: