مراکش کے 100 سال سے زیادہ عمر کے عازمِ حج کا روحانی سفر
معمر عازم حج جب انیشیٹیو کے لاؤنج میں آئے تو ان پر بھرپور توجہ دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سو سال سے زائد عمر کے مراکشی عازم حج رباط سلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت اپنے روحانی سفر پر روانہ ہو چکے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق معمر عازم حج جب انیشیٹیو کے لاؤنج میں آئے تو ان پر بھرپور توجہ دی گئی اور انہیں حج کے سفر کے لیے آسانی اور اطمینان کے ساتھ روانہ کیا گیا۔
ہاتھ میں چھڑی پکڑے اُن کے چہرے پر تلبیہ پڑھتے ہوئے خوشی کے آثار نمودار تھے۔ اُن کے الفاظ ایک ایسے انسان کے الفاظ تھے جو ایک صدی کے انتظار کے بعد اپنی زندگی کے بہترین سفر پر روانہ ہو رہا تھا۔
پاسپورٹ کی کارروائیاں ختم کرنے کے بعد بزرگ عازم حج نے سعودی عملے سے بات چیت کی جو قدم قدم پر اُن کے ہمراہ تھا۔
جب عملے نے اُن کی عمر اور روحانی سفر کو مدںظر رکھتے ہوئے خاص دھیان سے اُن کے کاغذات کی کارروائی مکمل کی تو بزرگ عازم کا چہرہ خوشی سے کھل اٹھا۔
