پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں سات وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے ہیں۔
منگل کو سلہٹ میں چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر محمد رضوان 75 اور ساجد خان آٹھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے 121 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے تھے جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
سلہٹ ٹیسٹ: بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدفNode ID: 904402
ٹیسٹ میچ کا چوتھا روز
چوتھے دن کے آغاز پر پاکستان نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی، تاہم 27 کے مجموعے پر عبداللہ فضل چھ رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد اذان اویس اور شان مسعود نے اننگز کو سنبھالا، لیکن اذان اویس 21 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گری۔
کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بابر اعظم کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔ دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ بابر اعظم جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 47 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
شان مسعود نے شاندار نصف سنچری سکور کی اور 82 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی۔ وہ 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر تیج الاسلام کا شکار بنے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے شامل تھے۔ سعود شکیل زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چھ رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایک موقعے پر پاکستان کی پانچ وکٹیں 162 رنز پر گر چکی تھیں، تاہم اس کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 100 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے پاکستان کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔
سلمان آغا نے جارحانہ مگر سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 74 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 71 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
دوسری جانب محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک ناقابل شکست 75 رنز بنا لیے۔ رضوان نے اپنی اننگز میں آٹھ چوکے لگائے اور 86 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ ساجد خان آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ ناہید رانا نے دو جبکہ مہدی حسن مرزا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرا روز
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دیا۔
پیر کو سلہٹ میں خراب روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم کردیا گیا۔
میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 390 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
میزبان ٹیم کو پاکستان کے خلاف 436 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 46 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بنگلہ دیش کی طرف سے کپتان نجم الحسن شانتو اور مشفق الرحیم نے 110 رنز تین وکٹوں کے ساتھ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
115 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب نجم الحسن شانتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
مشفق الرحیم نے 137 اور لٹن داس نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 123 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
مہدی حسن مراز 19، تیج الاسلام 22، تسکین احمد چھ، شریف الاسلام 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ناہید رانا کوئی رن نہ بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار، ساجد خان نے تین، حسن علی نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف 156 رنز کی برتری حاصل تھی۔
اتوار کو سلہٹ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔
دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے محمود حسن جوئے 52، مومن الحق 30 اور تنزید حسن چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کے خلاف 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل نو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان شان مسعود 21 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ بابر اعظم 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل آٹھ، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان نے 13 رنز بنائے۔
حسن علی 18، ساجد خان 38 اور خرم شہزاد 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس کوئی رن نہ بناسکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے تین، تین اور تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔













