کاکروچ جنتا پارٹی کے 49 فیصد فالوورز پاکستان سے ہیں: انڈین وزیر
مرکزی وزیر نے سوشل میڈیا پر تنظیم کے فالوورز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے 49 فیصد فالوورز پاکستان سے ہیں جبکہ صرف 9 فیصد انڈیا سے ہیں۔ (فوٹو: فیس بک)
انڈیا کے مرکزی حکومت کے وزیر اور بی جے پی رہنما سکونتا مجومدار نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے سوشل میڈیا فالوورز میں تقریباً نصف تعداد پاکستان سے ہے۔
انڈین اخبار دکن ہیرالڈ کے مطابق یہ آن لائن پلیٹ فارم گزشتہ ہفتے اس وقت سامنے آیا تھا جب انڈین چیف جسٹس سوریہ کانت سے منسوب ایک عدالتی ریمارکس، جس میں ’کاکروچ‘ اور ’پیرا سائٹس‘ جیسے الفاظ استعمال ہوئے تھے، پر تنازع پیدا ہوا۔ بعد میں چیف جسٹس نے وضاحت کی کہ ان کے ریمارکس جعلی ڈگریوں کے ذریعے پیشوں میں داخل ہونے والوں کے حوالے سے تھے، نہ کہ عام نوجوانوں کے لیے۔
سکونتا مجومدار نے دعویٰ کیا کہ کاکروچ جنتا پارٹی کا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر تنظیم کے فالوورز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے 49 فیصد فالوورز پاکستان سے ہیں جبکہ صرف 9 فیصد انڈیا سے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈپکے نے الزام لگایا ہے کہ ان کے پلیٹ فارمز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور انسٹاگرام، ایکس اور دیگر اکاؤنٹس یا تو ہیک ہو چکے ہیں یا بند کر دیے گئے ہیں۔
ڈپکے نے کہا کہ انہیں اپنے کسی بھی پلیٹ فارم تک رسائی حاصل نہیں رہی اور اس کے بعد آنے والی پوسٹس کو آفیشل بیان نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے اس کارروائی کو پیپر لیک تنازع اور وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ حکومت طلبہ کے مسائل کے بجائے ان کی تحریک کو نشانہ بنا رہی ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی حال ہی میں انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہوئی ہے، جو میمز، طنز اور تعلیمی نظام، بے روزگاری اور امتحانی بدعنوانیوں پر تنقید کے ذریعے نوجوانوں کی آواز کے طور پر سامنے آئی ہے۔
