روسی فوج میں بھرتی ہونے والے 139 انڈین شہریوں کی رہائی، وطن واپسی کی کوششیں تیز
49 انڈین شہری روس اور یوکرین کے درمیان اس خونی تنازع کی نذر ہو چکے ہیں جبکہ چھ افراد لاپتا ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
روسی فوج کا حصہ بننے والے انڈین شہریوں کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈین حکومت نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ سفارتی کوششوں کے بعد 139 انڈین شہریوں کو روسی فوج کے ساتھ کیے گئے معاہدوں سے رہا کروا لیا گیا ہے اور اب ماسکو میں موجود انڈین سفارت خانہ ان کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے سفری دستاویزات اور فضائی ٹکٹوں کا انتظام کر رہا ہے۔
تاہم زیادہ تنخواہوں اور روسی شہریت کے خواب دیکھ کر یوکرین کے خلاف جنگ کے میدان میں اترنے والے ان نوجوانوں کی یہ کہانی جہاں اپنوں سے دوبارہ ملنے کی امید لائی ہے وہاں کئی خاندانوں کے لیے صدمے کا باعث بھی بنی ہے۔
انڈین شہری روسی فوج کا حصہ کیسے بنے؟
عدالت میں جمع کروائی گئی سرکاری رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 217 انڈین شہریوں نے روسی مسلح افواج میں شمولیت اختیار کی تھی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان میں سے اکثریت ایسے نوجوانوں کی تھی جو پرکشش مراعات، پانچ ہزار ڈالر کے ’سائننگ بونس‘، اڑھائی ہزار ڈالر ماہانہ تنخواہ اور روسی پاسپورٹ کی لالچ میں آ کر رضاکارانہ طور پر اس کا حصہ بنے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کچھ کیسز ایسے بھی تھے جہاں نوجوانوں کو انسانی اسمگلروں یا بیرونِ ملک ملازمت دلوانے والے ایجنٹوں نے دھوکے سے جنگی زون میں دھکیلا۔
یہاں تک کہ روس کی جیلوں میں منشیات کے مقدمات کاٹنے والے بعض انڈین قیدیوں نے اپنی سزا معاف کروانے کے لیے بھی فوجی معاہدوں پر دستخط کیے۔
اموات اور لاپتہ افراد کا معاملہ
جہاں 139 افراد خوش قسمت رہے اور اب وطن واپسی کے منتظر ہیں، وہیں 49 انڈین شہری اس خونی تنازع کی نذر ہو چکے ہیں جبکہ چھ افراد باضابطہ طور پر لاپتا ہیں۔
حکومتی نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ جنگی حالات کے باعث یوکرین کی سرحد اور تنازع والے علاقوں سے ہلاک شدگان کی لاشیں نکالنا فی الوقت ممکن نہیں ہے۔
اس صورتحال میں لاپتا اور ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے اب تک 21 انڈین خاندانوں کے ڈی این اے نمونے روسی حکام کو بھجوائے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی متاثرہ خاندانوں کو روسی حکومت کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی کے لیے بھی سفارتی سطح پر کارروائی جاری ہے اور کچھ خاندانوں کو رقم منتقل کی جا چکی ہے۔
