سوات ایکسپریس وے پر حادثہ، وین اور بس کے ٹکرانے سے 16 افراد ہلاک
سوات ایکسپریس وے پر حادثہ، وین اور بس کے ٹکرانے سے 16 افراد ہلاک
پیر 25 مئی 2026 9:57
سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلیہ کے قریب ایک مسافر وین اور بس کے درمیان ہونے والے حادثے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب راولپنڈی سے دیر جانے والی ایک ہائیس وین کے ڈرائیور نے مبینہ غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک کے کنارے کھڑی مسافر بس کو پیچھے سے ہِٹ کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کراچی سے بونیر جا رہی تھی جو سڑک کے کنارے پارک تھی۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار فوری طور پر موقعے پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو آپریشن کے دوران تمام لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔
مسافر وین کے ڈرائیور نے تیز رفتاری میں سڑک کنارے کھڑی بس کو ٹکر مار دی (فوٹو: موٹروے پولیس)
حادثے کے بعد ترجمان موٹروے پولیس نے ابتدائی طور پر 11 مسافروں کے ہلاک اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم تازہ ترین اپڈیٹ کے مطابق اموات کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے جبکہ چھ زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
این ایچ اے کے مطابق ڈی آئی جی موٹروے خود ہسپتال میں موجود ہیں اور امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔