شہزادہ فیصل بن فرحان سے فن لینڈ، فرانس اور بیلجیئم کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جمعرات کو قبرص میں فن لینڈ، فرانس اور بیلجیئم کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان اور فن لینڈ کی ہم منصب ایلینا والٹنن نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ اور فرانسیسی ہم منصب جین نول بیروٹ نے سعودی عرب اور فرانس کے تعلقات، انہیں مشترکہ مفادات کے مطابق بڑھانے کا جائزہ لیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، سلامتی اور استحکام پر اس کے اثرات پر بات چیت کی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور بیلجیئم کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس موقع پر قبرص میں سعودی سفیر فواز بن عبدالرحمن الشبلی بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان یورپی کونسل برائے خارجہ امور کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کے لیے قبرص میں ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے قبرص کے شہر لیما سول میں ہونے والے اجلاس کے دوران اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
