Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوانوں کی سماجی تنظیم کی مہم ’جازان کا مثبت اثر‘ اختتام پذیر

مہم میں مختلف سیمینار اور تعلیمی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں نوجوانوں کی سماجی و فلاحی تنظیم ’آفاق الشبابیہ‘ کی سماجی مہم ’جازان تصنع الاثر‘ (جازان مثبت اثر مرتب کر رہا ہے) چار ماہ جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔
ایس پی اے کے مطابق ریجنل ٹیکنیکل کالج میں اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزارتِ افرادی قوت و سماجی ترقی کے ریجنل ڈائریکٹر انجینیئر احمد القنفذی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ دیگر سرکاری اداروں کے اعلٰی افسران بھی موجود تھے۔
تقریب میں فلاحی سوسائٹی اور رضاکار ٹیموں نے اپنے سماجی منصوبوں اور خدمات کی نمائش کی۔ علاوہ ازیں فنون لطیفہ تنظیم کی سرگرمیوں اور کامیابیوں پر مبنی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
تنظیم کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے چیئرمین بورڈ کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد سماجی شراکت داری کو فروغ دینا، رضاکارانہ خدمات کے رجحان کو مضبوط بنانا اور نوجوانوں سمیت فلاحی تنظیموں کو پائیدار سماجی اثرات کے حامل منصوبے شروع کرنے کے قابل بنانا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہم میں شریک اداروں کے ارکان کو اعزازات دیئے گئے، جبکہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کامیاب شرکا میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
نوجوانوں کی فلاحی تنظیم کی جانب سے جولائی میں 57 حکومتی اور غیرمنافع بخش اداروں کے تعاون سے مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کا مقصد لوگوں کو رضاکارانہ طور پر ایسے مواقع فراہم کرنا تھا کہ وہ اپنے افکار و خیالات کو قابلِ عمل منصوبوں میں تبدیل کر سکیں۔
اس ضمن میں مختلف سیمینار اور تعلیمی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا، علاوہ ازیں دستکاری اور دیگر امور کے ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی گئی تاکہ وہ لوگوں کو ان فنون کی باریکیوں سے آگاہ کریں۔

 

شیئر: