سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بولیوارڈ ورلڈ میں منفرد تفریحی مقام دنیا کے مختلف ممالک کی ثقافتوں، روایات اور دلچسپ سرگرمیوں کو ایک ہی جگہ پیش کیا جاتا ہے۔
بولیوارڈ میں مملکت، کویت، ترکیہ، ایران، جاپان، چین، فرانس، اٹلی، مراکش، یونان، میکسیکو، مصر، انڈیا، امریکہ، جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور سپین سمیت افریقی اور ایشیا کے متعدد ممالک کے ثقافتی کارنرز قائم کیے گئے ہیں۔
تفریحی و ثقافتی کارنرز میں روایتی طرز تعمیر، بازار، ریستوانوں، دستکاریوں اور ثقافتی و فنی مظاہروں کے ذریعے مختلف تہذیبوں کا رنگا رنگ تعارف پیش کیا جارہا ہے۔
تفریح کے شائقین کے لے یہاں واٹر گیم، 360 ڈگری سے آراستہ سنیما، بچوں کے لیے جدید انواع کے جھولے، کیبل کار، ایڈونچر سرگرمیاں اور انٹرایکٹو گیمز بھی موجود ہیں۔
بولیوارڈ ورلڈ کی جھیل بھی سیر و تفریح کرنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوتی ہے، جہاں پانی کی ٹیکسی اور مختلف اقسام کی کشتیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے۔
بچوں کے لیے جھولے اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
افریقی زون میں آنے والے جنگلی حیات کو قریب سے دیکھ کر ان کے بارے میں جان سکتے ہیں، جبکہ بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے لیے بھی رنگا رنگ تفریحی سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں۔
خیال رہے بولیوارڈ ورلڈ کا آغاز سال 2022 میں ریاض سیزن کے نمایاں تفریحی مقامات کے طور پر ہوا تھا، جس کے بعد سے ہر برس اندرون اور بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں لوگ یہاں آتے ہیں۔ سالِ رواں بھی بولیوارڈ میں داخلے کے ٹکٹ اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کی بکنگ کی سہولت ’وی بک‘ کے پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔