مملکت کا پہلا ونڈ ٹربائن کہاں اور کب نصب کیا گیا؟
طریف شہر میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا پہلا ٹربائن نصب کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں معروف تیل کمپنی آرامکو نے حدود الشمالیہ ریجن کے شہر طریف میں سال 2017 میں پہلا ونڈ ٹربائن نصب کیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق ونڈ ٹربائن کی تنصیب کا مقصد کمپنی کی پٹرولیم مصنوعات کے ڈسٹری بیوشن سٹیشن کو ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی فراہم کرنا تھا۔
آرامکو نے چار ممکنہ مقامات میں سے طریف شہر کا انتخاب اس لیے کیا تھا کہ وہاں ہوا کے بہتر وسائل تھے جس سے بجلی کے نیٹ ورک سے رابطے کی سہولت ہوتی تھی۔
ٹربائن کی زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت 2.75 میگاواٹ ہے۔ آرامکو کے مطابق اس ٹربائن سے پیدا ہونے والی بجلی تقریباً 250 گھروں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے جبکہ سالانہ تقریباً 19 ہزار بیرل تیل کے مساوی توانائی کی بچت بھی ممکن ہوتی ہے۔
ٹربائن کا ٹاور 85 میٹر بلند ہے جبکہ اس کے پروں کا قطر 120 میٹر ہے۔ اس کے سرے زمین سے 145 میٹر بلندی تک پہنچتے ہیں۔ اسے صحرائی موسم کی شدت کو برداشت کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
ٹربائن سٹیشن الیکٹرک ڈسٹری بیوشن سسٹم سے منسلک ہے۔ منصوبے کا ہدف سٹیشن کی بجلی کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ اضافی بجلی قومی گرڈ سٹیشن کو فراہم کرنا بھی ہے۔
