راولپنڈی: پاکستان اور ’کمزور‘ آسٹریلوی ٹیم کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج
راولپنڈی: پاکستان اور ’کمزور‘ آسٹریلوی ٹیم کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج
جمعہ 29 مئی 2026 22:15
پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچ سے قبل پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی ٹیم آج پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آسٹریلیا کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کھیلے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دونوں ٹیمیں آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے مضبوط کمبی نیشن تیار کرنے کوشش کریں گی۔
آسٹریلوی ٹیم اپنے مستقل کپتان پیٹ کمنز اور اُن کے اہم ساتھی فاسٹ بولرز مِچل سٹارک اور جوش ہیزل وُڈ کے بغیر میدان میں اُترے گی۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے والے کپتان پیٹ کمنز، مچل سٹارک، جوش ہیزل وڈ اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔
دورۂ پاکستان کے لیے ابتدائی طور پر مچل مارش کو آسٹریلوی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، تاہم وہ بھی ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
مچل مارش کی جگہ جوش انگلس کو آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ اس سیریز کا دوسرا میچ دو جبکہ تیسرا اور آخری میچ چار جون کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کپتان جوش انگلس نے جمعے کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’اگرچہ آسٹریلوی ٹیم کو کئی سینیئر کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں، لیکن اس کے باوجود ہماری ٹیم باصلاحیت ہے اور سخت مقابلہ کرے گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مچل مارش کا اَن فٹ ہونا یقیناً مایوس کن ہے، اور بدقسمتی سے ہم چند دیگر کھلاڑیوں سے بھی محروم ہیں، لیکن ہمارے پاس سکواڈ میں کچھ بہت ہونہار کھلاڑی موجود ہیں۔‘
آسٹریلیا ممکنہ طور پر 19 برس کے بیٹر اُولی پیک اور آل راؤنڈر لیام سکاٹ کو پہلے ون ڈے میں موقع دے سکتا ہے، جبکہ طویل قد کے فاسٹ بولر بلی سٹین لیک سات سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ہم ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
جوش انگلس نے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم مضبوط ہے اور ہم اسے ہرگز آسان نہیں لیں گے۔ ہمیں اس کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔‘
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے ریگولر اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث سیریز سے باہر ہیں جبکہ تجربہ کار وکٹ کیپر محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ دو برس قبل محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے 2002 کے بعد پہلی بار آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتی تھی۔
پاکستانی ٹیم میں تجربہ کار بیٹر بابر اعظم، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہوئی ہے، جو دو ماہ قبل بنگلہ دیش کے خلاف 1-2 سے ون ڈے سیریز ہارنے والی قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
کپتان جوش انگلس نے کہا کہ ’سینیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ہماری ٹیم سخت مقابلہ کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ’ٹیم ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نئے کھلاڑیوں کو مواقع دے رہی ہے، اور جب آپ اس بڑے ایونٹ کے لیے ٹیم تیار کرتے ہیں تو نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ضروری ہوتا ہے۔‘
جمعے کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے میچ ہو گا، اس لیے ہم اسے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔‘
پاکستان میں آج کل موسم شدید گرم ہے، اسی لیے گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے تمام میچز شام 4:30 بجے شروع ہوں گے۔
آسٹریلوی کپتان نے بھی موسم کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہاں بہت گرمی ہے اور حالات مشکل ہیں، لیکن خوش قسمتی سے میچ کا آغاز تاخیر سے ہوگا، اُمید ہے تب تک موسم کچھ بہتر ہو جائے گا۔‘